محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں سورج کا پارہ ہائی ہونے حتیٰ کے مختلف علاقوں کے شدید گرمی میں رہنے کے حوالے سے وارننگ جاری کردی ہے۔گرمائی دالحکومت سرینگر میں گزشتہ روز دن کا درجہ حرارت 34ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ یہ امکان ہے کہ وادی کشمیر میں گزشتہ چار برسوں کا گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ سکتا ہے ۔ماہرین صحت کا ماننا ہے کہ جس طرح موسم سرما میں موسمی بیماریاں انسان کو جگڑ لیتی ہیں ،اُسی طرح گرمی کے شدید ایام کے دوران بھی انسانی صحت کو شدید ترین خطرات کا سامنا رہتا ہے ۔
ماہرین صحت کہتے ہیں موسم سرما میں بلڈ پریشر زیادہ ہونے کا خطرہ لاحق رہتا ہے جبکہ شدید گرمی کے دوران بلڈ پریشر میں کمی، ہاتھ پیروں میں سوجن ، پیشاب میں جلن ، زیادہ پسینے کے اخراج سے جسم میں پانی اور نکیات کی کمی یا پھر لو لگنے جیسے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ماہرین کے مطابق لو لگنے کی علامات میں متلی، چکر آنا ، سر درد ، شدید پسینہ، الجھن ، بے چینی اور تھکاوٹ شامل ہیں۔گرمی کی لہر میں شدت کے دوران آپ نے خود اور اپنے پیاروں کو کیسے محفوظ بنانا ہے، اس حوالے سے متعلقہ اداروں اور ماہرین صحت کی جانب سے کیا ہدایات ہیں ؟۔گرمی میں پانی کا استعمال بڑھادیں ،صاف پانی کا استعمال” اوآر ایس“ کے ساتھ کریں، نمک کیساتھ لیموں پانی اور لسی کا بھی زیادہ سے زیادہ استعمال کریں ۔تیز دھوپ سے بچیں اور سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔گرمی میں ہلکے، ڈھیلے اور نرم کپڑے پہنیں۔گرمی میں اگر کوئی بیہوش ہوجائے تو سر پرٹھنڈا پانی ڈالیں، متاثرہ شخص کو سایہ دار جگہ پر لے جائیں ،زیادہ طبیعت بگڑنے کی صورت میں قریبی اسپتال سے رابطہ کریں۔دن کے گرم اوقات میں گھر کی کھڑکیوں کو بند رکھیں، پردوں کو بھی بند رکھیں،یاد رکھیں تمام افراد بالخصوص بچوں اور بزرگوں کو گرمی میں زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں ، گھر میں رہیں، حتیٰ کہ ورزش بھی کم کردیں۔جسم کا درجہ حرارت کم کرنے کیلئے ٹھنڈے پانی سے نہائیں اور برف اور پنکھوں کا استعمال کریں۔باہر نکلتے وقت چھتری یا ٹوپی کا استعمال کریں۔مویشیوں اور پالتو جانوروں کی ضروریات کا خاص خیال رکھیں۔سفر سے قبل گاڑیوں کے انجن میں پانی اور ٹائروں میں پریشر چیک کریں۔ برطانوی خبررساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق ، دل کے عارضے میں مبتلا افراد واٹر پلز استعمال کرتے ہیں، یہ دوائیں جسم میں تیزی سے پانی کے اخراج کا سبب بنتی ہیں لیکن گرمی کی شدت میں اضافے کے دوران ان دواو¿ں کا استعمال جسم کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔اسی طرح اینٹی ہائپر ٹینسو بلڈ پریشر میں کمی کا باعث بننے والی ادویات، مرگی اورپاکنسنز کیلئے استعمال ہونے والی ادویات بھی نقصان دہ ہیں۔ یہ تفصیلات آپ تک پہنچا نے کا واحد مقصد یہ ہے کہ آپ موسم سرما کی طرح موسم گرما میں بھی احتیاط کریں ،کیوں کہ علاج سے بہتر احتیاط ہے ۔
چھوٹی چھوٹی باتوں پر خاص توجہ مرکوز کرنے سے آپ گرمی کے ایام کے دوران صحت کو درپیش خطرات اور چیلنجز سے بہ آسانی نمٹنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں ۔انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ جموں وکشمیر میں چند ایسے مقامات کو تشکیل دیا جائے ،جہاں ضرورت کے مطابق پانی کا استعمال ہوسکے ۔پانی کی عدم دستیابی کو دور کرنے کے لئے ’واٹر ٹینکروں ‘ کو بھی دستیاب رکھے ،اس طرح کے انتظامات بہم رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیوں کہ دنیا ’گلو بل وارمنگ‘کی زد میں ہے ۔





