شری امرناتھ یاترا:جی ایم سی کٹھوعہ میں 50 بستروں والا پورٹیبل یونٹ تیار

شری امرناتھ یاترا:جی ایم سی کٹھوعہ میں 50 بستروں والا پورٹیبل یونٹ تیار

جموں،17 جون: گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) کٹھوعہ میں یکم جولائی سے شروع ہونے والی شری امرناتھ جی کی یاترا کے یاتریوں کے لئے خصوصی طور پر 50 بستروں والا پورٹیبل یونٹ تیار رکھا گیا ہے۔
جی ایم سی کٹھوعہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 50 بیڈ والے اس پورٹیبل یونٹ میں تمام تر طبی سہولیات کا بندو بست کیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر یاتریوں کا فوری طور علاج کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ یونٹ یاتریوں کے لئے مخصوص ہے اس میں تمام تر طبی سہولیات دستاب ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں 5 بیڈ آئی سی یو کے ہیں جن میں تمام تر ساز و سامان موجود ہے۔
موصوف عہدیدار نے کہا کہ اس کو صرف یاترا کے دوران استعمال کیا جائے گا تاکہ یاتریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ یونٹ میں تمام شعبوں کا عملہ چوبیس گھنٹے تیار رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ادویات کی وافر مقدار بھی دستیاب رکھی گئی ہے۔
جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
جموں وکشمیر انتظامیہ یاترا کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے رہی ہے جہاں سیکورٹی کے فقید المثال بندو بست کیا جا رہا ہے وہیں یاتریوں کو دیگر سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھی کوئی کشر باقی نہیں چھوٹی جا رہی ہے۔
شری امر ناتھ یاترا بورڈ کے مطابق یاتریوں کے لئے چاپر سروس کے لئے آن لان بکنگ شروع ہوگئی ہے۔
شری امرناتھ شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو افسر ڈاکٹر مندیپ بنداری نے دیگر افسروں کے ساتھ جمعہ کے روز بالتل کا دورہ کرکے زمینی سطح پر کی جا رہی تیاریوں کا جائزہ کیا۔
انہوں نے اس موقع پر ہاتریوں کی حفاظت اور انہیں تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام ضروری انتظامات کی بر وقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔
قابل ذکر ہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر لکھن پور سے پوترا گھپا تک 60 ہزار سیکورٹی فورسز کو تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
یاترا کے پیش نظر سی آر پی ایف نے ضلع اودھم پور میں کئی مقامات پر سپیشل ڈاگ اسکواڈ تعینات کئے ہیں۔
بی آر او حکام کا کہنا ہے کہ پہلگام کی طرف یاترا راستوں کو 15 جون سے قبل ہی مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں وکشمیر نے تمام متعلقہ افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ یاترا کے دوران ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی چھٹیوں کی درخواستوں کو منظور کریں نہ آگے بڑھائیں۔
حکام کے مطابق امسال 5 لاکھ یاتریوں کے آنے کی توقع ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.