سری نگر،29 مئی: سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) کے ریٹائرڈ ملازمین یونین نے پیر کے روز یہاں پریس کالونی میں آکر مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے مطالبات کو حل کرنے میں مداخلت کی۔
اس موقع پر ایک سبکدوش ملازم نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے یہاں کئی بار اپنے مطالبات خاص کر جو ہمارا پیسہ سکریٹریٹ میں زیر التوا ہے، کی واگذاری کے حق میں احتجاج درج کیا۔
انہوں نے کہا: ‘گذشتہ ساڑھے تین برسوں سے ہم در در کی ٹھوکریں کھا رہے تھے کیونکہ ہماری بات کوئی سن نہیں رہا تھا’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ہم مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتنڈر سنگھ صاحب کے بہت ہی مشکور ہیں کہ جنہوں نے 26 مئی کو ہماری بات ہمدردی سے سنی اور اسی وقت ہمارے مسئلے کے متعلق چیف سکریٹری صاحب کے ساتھ بات کی’۔
موصوف ملازم نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ چیف سکریٹری صاحب اب ہمارے مسئلے کو جلد ہی حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ کے بھی شکر گذار ہے جنہوں نے ہماری بات کی۔
یو این آئی