سری نگر،15مئی: الیکشن جمہوریت کی جڑ اور بنیاد ہے ،الیکشن کے ذریعے ہی صاف و شفاف عوامی نمائندہ سرکار کا وجود قائم ہوتا ہے اور الیکشن کے ذریعے ہی عوام اپنے حقیقی نمائندوں کو چنتے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج پنگلش پلوامہ میں ایک تقریب کے حاشئے پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس کی جیت اصل میں پیار و محبت اور مذہبی ہم آہنگی کے اصولوں کی جیت ہے اور اس الیکشن نے ثابت کردیا کہ عوام نے اس سیاست کو مسترد کردیا ہے جس میں لوگوں کو بانٹنے، دھونس و دباﺅ اور فرقہ پرستی کی باتیں کی جرہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی اور جمہوریت کی بقا اس میں ہے کہ ملک کے ہر فرقے کے لوگوں کے ساتھ یکساں سلوک روا رکھا جائے اور آئین ہند کے تحت تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوںکی مذہبی آزادی کو یقینی بنایا جائے ۔
جی 20سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مسرت کی بات ہے کہ ہمارے میں جی 20اجلاس ہورہاہے اور اس کا اصل مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آسمان چھوتی فضائی کرائیوں پر زبردست برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حد سے زیادہ ہوائی کرایہ سے مقامی لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کشمیر میں سیاحوں کی آمد میں اڑچن پیدا ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو ہوائی ٹکٹ4ہزار روپے کی ہونی چاہئے وہ آج کل 24ہزار میں فروخت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بار بار مرکزی حکومت کی نوٹس میں ہوائی کروائیوں کا معاملہ اُٹھایا لیکن بدقسمتی سے ہمیں صرف یقین دہانیاں کرائیں لیکن عملی طور پر کچھ نہیں کیا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ میں مرکزی حکومت سے پھر ایک بار یہ اپیل کرتا ہوں کہ وادی کیلئے ہوائی کرائیوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے ٹھوس اور کارگرد اقدام اُٹھائے۔تقریب پر ممتاز سماجی و سیاسی کارکن اور سابق ڈپٹی جنرل منیجر جنوبی کشمیر محمد ایوب میر (کنوینیر جے اینڈ کے سول سوسائٹی)نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔
یو این آئی




