سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر10 گھنٹوں کے بعد ٹریفک بحال

سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر10 گھنٹوں کے بعد ٹریفک بحال

سری نگر،27 اپریل :وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح دس گھنٹوں کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بحال کر دی گئی۔
متعلقہ حکام نے بتایا کہ تیز بارشوں کی وجہ سے قومی شاہراہ پر شالگڈی بانہال کے نزدیک مٹی کے تودے اور پتھر گر آئے جس کی وجہ سے شاہراہ کو بدھ کی رات قریب ساڑھے دس بجے ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر قریب تین سو گاڑیاں درماندہ ہوئیں اور شاہراہ سے ملبے کو صاف کرنے کے لئے افرادی قوت اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے جمعرات کی صبح ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہ پر شالگڈی کے مقام پر ملبے کو صاف کیا گیا ہے اور درماندہ گاڑیوں کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قومی شاہراہ پر سفر اختیار کرنے سے قبل متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔
قابل ذکر ہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کے بند ہوتے ہی جہاں بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی اچانک قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.