بڈگام میں چار سالہ بچے کو اغوا کرنے والی غیر مقامی خاتون گرفتار: پولیس

بڈگام میں چار سالہ بچے کو اغوا کرنے والی غیر مقامی خاتون گرفتار: پولیس

سری نگر،16مارچ : جموں وکشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام کے کھاگ علاقے میں ایک بچے کو اغوا کرنے والی ایک غیر مقامی خاتون کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن کھاگ کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ ایک خاتون دلواش کھاگ میں بھیک مانگ رہی تھی جس دوران اس نے ایک چار سالہ بچے کو اغوا کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ خاتون نے اس بچے کو سکارف کے نیچے چھپا لیا جس کے بعد کچھ خواتین کو شک ہوا اور انہوں نے اس کے بارے میں پولیس اسٹیشن کھاگ کو مطلع کیا۔
بیان کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی ایک پولیس پارٹی خواتین پولیس کے ساتھ جائے موقع پر پہنچی اور مذکورہ خاتون سے بچے کو بر آمد کرکے اس کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ بچے کو قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد والدین کے حوالے کیا گیا۔
گرفتار شدہ خاتون کی شناخت چدی دیوی زوجہ کھنہ رام ساکن راجستھان کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کھاگ میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.