ڈوڈہ میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پوسٹ اپ لوڈ کرنے پر سرکاری ملازم کے خلاف مقدمہ درج: پولیس

ڈوڈہ میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پوسٹ اپ لوڈ کرنے پر سرکاری ملازم کے خلاف مقدمہ درج: پولیس

جموں،10 مارچ :ڈوڈہ پولیس نے سوشل میڈیا کے فیس بک اکاؤنٹ پر نفرت انگیز پوسٹ اپ لوڈ کرنے پر ایک سرکاری ملازم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کو حراست میں لیا ہے۔
ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے میڈیا کو بتایا کہ ایک سرکاری ملازم نے دو د ن پہلے اپنے سوشل میڈیا کے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک نفرت انگیز پوسٹ اپ لوڈ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اس کے متعلق میرے پاس ایک شکایت درج کی۔
ان کا کہنا تھا: ’شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ہم نے اس کی شناخت معلوم کرکے اس کو حراست میں لے لیا اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا‘۔
موصوف ایس ایس پی نے کہا کہ بعد ازاں اس کو ضلع جیل بھدرواہ میں جوڈیشل حراست میں رکھا گیا۔
انہوں نے گرفتار شدہ کی شناخت امرک سنگھ ساکن بیولی کے بطور کی جو چیف ایجوکیشن دفتر ڈوڈہ میں تعینات تھا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سال2022 میں چار ایسے افراد کے خلاف مقدے درج کئے گئے جنہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کیا تھا۔
ایس ایس پی ڈوڈہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کسی فرد، ذات یا کمیونٹی کے خلاف پوسٹ، تصویر یا کوئی تحریر اپ لوڈ نہ کریں جس سے آپسی رنجش پیدا ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک غیر قانونی عمل ہے جس کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے پوسٹس اپ لوڈ کرنے سے سماج میں امن و قانون کو خطرہ لاحق ہوجاتا ہے کسی کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سوشل میڈیا سیل بنائی گئی ہے جو سوشل میڈیا پوسٹس پر پوری نگرانی رکھے ہوئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.