سری نگر،24فروی :جنوبی ضلع اننت ناگ کے حسن پورہ بجبہاڑہ علاقے میں نامعلوم بندوق برداروں نے ایک شخص پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اس کوعلاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ جمعے کی شام حسن پورہ بجبہاڑہ میں نامعلوم بندوق برداروں نے مقامی شہری پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوا اور اس کو طبی امداد کی خاطر سب ضلع ہسپتال بجبہاڑہ منتقل کیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی مرہم پٹی کے بعد زخمی شہری کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر سری نگر ریفرکیا گیا۔زخمی شہری کی پہچان آصف علی گنائی ولد علی محمد ساکن حسن پورہ کے بطور ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی کی ٹانگ میں گولی پیوست ہوئی ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی نوجوان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔دریں اثنا پولیس نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے حسن پورہ بجبہاڑہ میں ایک عام شہری پر مسجد شریف کے نزدیک فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اُس کی حالت مستحکم ہے۔ اُن کے مطابق پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ہے۔
یو این آئی