کشمیر میں ’نارکو ٹیرر‘ کیس کے سلسلے میں خاتون سمیت تین گرفتار: ایس آئی اے

کشمیر میں ’نارکو ٹیرر‘ کیس کے سلسلے میں خاتون سمیت تین گرفتار: ایس آئی اے
سری نگر،22 فروری : سٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) کشمیر کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان سے کروڑوں روپیے مالیت کی منشیات سمگل کرنے کے الزام میں ایک خاتون سمیت تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ایس آئی اے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملیٹنٹ تنظیموں کے مالیاتی نیٹ ورک کو نشانہ بنانے کے لئے ایس آئی اے نے پیر کے روز اننت ناگ، پلوامہ، بڈگام اور بارہمولہ اضلاع میں تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
انہوں نے کہا: ’کشمیر کے مختلف اضلاع میں منگل کو بھی نارکو ٹیرر کے مشتبہ افراد کے قریب چار احاطوں کی تلاشی لی گئی جن کی رہائشی گاہوں کی تلاشی لی گئی ان میں عبد الرشید بٹ ساکن پدگام پورہ اونتی پورہ، دانش فاروق ساکن نصراللہ پورہ بڈگام، عبد الرشید میر ساکن امر گڑھ سوپور اور اویس گل بٹ ساکن ہردو اکڈ اننت ناگ شامل ہیں‘۔
بیان ے مطابق یہ تلاشی کارروائیاں ایک کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں این آئی اے کی ایک عدالت کی طرف سے حاصل شدہ ایک وارنٹ کی تعمیل میں انجام دی گئیں۔
بیان میں کہا گیا: ’معلوم ہوا ہے کہ اس کیس کی تحقیقات کے دوران ایک منشیات ماڈویل کا پتہ چلا ہے جو سینٹرل جیل سری نگر میں بند ہینڈلرس کے ساتھ مل کر سر حد پار سے کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے ذریعے چلا یا جا رہا تھا‘۔
ایس آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ سنڈیکیٹ پاکستان سے کروڑوں روپیے مالیت کا 24 کلو منشیات سمگل کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس منشیات کو انسانی کوریرز کے ذریعے مختلف مقامات پر پہنچا کر ڈیلرز کو بیچا گیا اور اس سے حاصل کی گئی رقم کے بڑے حصے کو ملی ٹنسی کارروائیوں کی حمایت کے لئے ممنوعہ سرگرمیوں پر استعمال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ منشیات سے حاصل شدہ رقم کو ذاتی مقاصد کے لئے بھی استعمال کیا گیا سنڈیکیٹ کے ممبران کے مالی استحکام کے علاوہ وادی میں ملی ٹنسی سرگرمیوں کی حمایت اور مالی اعانت کے لئے بھی منشیات کی اس رقم کو استعمال کیا گیا۔
ایس آئی اے بیان میں کہا گیا کہ کیس کی تحقیقات کے دوران اس سلسلے میں اب تک ایک خاتون سمیت تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.