جموں کے سدھرا علاقے میں ہوئے انکاؤنٹر میں مجسٹریل جانچ کرانے کے احکامات جاری

جموں کے سدھرا علاقے میں ہوئے انکاؤنٹر میں مجسٹریل جانچ کرانے کے احکامات جاری

جموں،18 جنوری: جموں وکشمیر حکومت نے سال گذشتہ کے ماہ دسمبر میں سدھرا علاقے میں ہوئے انکاؤنٹر میں مجسٹریل جانچ کرانے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ جموں کے ایک حکمنامے کے مطابق اس انکاؤنٹر کی مسجٹریل جانچ کرنے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر جموں پیوش دھوترا کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے۔
موصوف اسسٹننٹ کمشنر نے اپنی ایک نوٹس میں کہا: ’مجھے مجسٹریل انکوائری کرنے اور ضلع مجسٹریٹ جموں کے سامنے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے‘۔
انہوں نے کہا: ’اس معاملے کے متعلق حقائق جمع کرنے اور صاف و شفاف طریقے سے انکوائری کا عمل انجام دینے کے لئے کوئی بھی شخص جس کے پاس کوئی معلومات ہوں، 21 جنوری تک میرے دفتر میں میں آکر اپنا بیان ریکارڈ کرا سکتا ہے‘۔
بتادیں کہ جموں کے سدھرا علاقے میں سال گذشتہ کے 28 دسمبر کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم آرائی کے دوران چار جنگجو مارے گئے تھے اور ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا تھا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں کے ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں اس انکاؤنٹر کے متعلق ایک اپ ڈیٹ میں کہا گیا تھا کہ جموں کے سدھرا علاقے میں چار جنگجو مارے گئے۔
ٹویٹ کے مطابق مہلوکین کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا گیا جس میں 7 اے کے 47 رائفلیں، ایک ایم فور رائفل اور تین پستول شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.