سری نگر،15 دسمبر : جموں وکشمیر پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون کا دعویٰ ہے کہ حکومت کی نئی اراضی پالیسی بغیر مقصد نہیں ہے اور یہ کشمیریوں کو غیر بنانے کی ایک کوشش ہے۔
موصوف سربراہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب جموں وکشمیر میں لیز لینڈ ہولڈرس کو اراضی حکومت کے حوالے کرنے کو کہا گیا ہے۔
سجاد لون نے جمعرات کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’نئی اراضی پالیسی باقی ملک کی پالیسی کے مطابق نہیں ہے اس سے اب صریحاً کشمیریوں کو ’غیر‘ بنانے کے لئے ایک تاریک باب کا آغاز ہوسکتا ہے‘۔
انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا: ’دنیا بھر اور بھارت میں لیز قوانین انتہائی سادہ اور یکساں بنیادوں پر استوار ہیں لیکن یہ قوانین مختلف ہیں اور بغیر مقاصد کے نہیں ہیں‘۔
بتادیں کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے بھی حکومت کی اس پیش رفت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
