سری نگر/ وادی کشمیر میں دھان فصل کی کٹائی کا سیزن جوبن پر ہے اور کسان اپنے اپنے کھیت کھلیانوں میں انتہائی مصروف دیکھے جا رہے ہیں۔
وسطی ضلع بڈگام کے کسانوں کے چہرے پر مسرت و شادمانی نمایاں ہے کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ امسال دھان کی فصل کافی اچھی ہے۔پارس آباد سے تعلق رکھنے والے علی محمد نامی ایک کسان نے یو این آئی کو بتایا کہ امسال دھان کی فصل کافی اچھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امسال بارشیں بھی ہوئیں اور دھوپ بھی رہی جس کی وجہ سے فصل اچھی ہوئی اور پانی کی قلت کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ چند برس قبل میں اپنے کھیت کا چاول فروخت بھی کرتا تھا اور سال بھر اپنےلئے بھی استعمال کرتا تھا لیکن اب چونکہ کئی کنال اراضی پر سیب کے باغ لگائے ہیں جس کی وجہ سے اگر فصل اچھی نہ ہوگی تو چاول خریدنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا کہ جب ہمارے گاؤں میں چاول کی پیداوار اتنی ہوتی تھی کہ ہمارے ہمسایہ ایک دو گاؤں ہم سے ہی چاول خریدتے تھے لیکن آج صورتحال یہ ہے کہ ہمیں خود راشن گھاٹ سے چاول خریدنا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ زرعی اراضی پر سیب کے باغ لگا رہے ہیں اور دھان کی فصل اگانے کے لئے انتہائی کم اراضی رکھتے ہیں۔





