سری نگر، 16اگست:جنوبی ضلع شوپیاں کے چھوٹی گام علاقے میں مقامی مسلمانوں نے مذہبی ہم آہنگی ، اتحاد، انسانیت نوازی اور کشمیریت کی عمدہ مثال قائم کی ہے جہاں پر وہ ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں قتل کئے گئے کشمیری پنڈت کی آخری رسومات انجام دینے میں پیش پیش رہے۔
آخری رسومات میں بیسیوں مقامی افراد بالخصوص نوجوانوں نے شرکت کی اور نم آنکھوں سے آنجہانی پنڈت کو رخصت کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ آخری رسومات کی انجام دہی کے دوران لوگوں نے ہندو مسلم سکھ اتحاد کے نعرے بھی لگائے ۔
یو این آئی اردو نامہ نگار کے مطابق جنوبی ضلع شوپیاں کے چھوٹی گام علاقے میں ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں مارے گئے کشمیری پنڈت سنیل کمار کی آخری رسومات میں مقامی مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
مقامی مسلمانوں نے منگل کو نہ صرف آنجہانی کی آخری رسومات سر انجام دیں بلکہ ان کی ارتھی کو اپنے کاندھوں پر اٹھایا۔
ایک مقامی مسلمان نے بتایا: ’کشمیری پنڈت کی ہلاکت ناقابل برداشت ہے اور اس واقعے میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے‘۔
معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر کشمیری مسلمانوں نے ہندو، مسلم سکھ اتحاد کے نعرے بھی لگائے اور قتل کے اس بھیانک واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ملوثین کو جلد از جلد بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا۔
یو این آئی