سری نگر،15 اگست: سری نگر کے نوہٹہ علاقے میں گذشتہ شام چانس انکاؤنٹر کے دوران زخمی ہونے والا پولیس اہلکار پیر کے روز یہاں ایک فوجی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نوہٹہ سری نگر میں چانس انکاؤنٹر کے دوران زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیبل سر فراز احمد سکان بٹوٹ رام بن یہاں فوج کے 92 بیس ہسپتال میں زیر علاج تھا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی انتھک کاوشوں کے باوجود وہ پیر کو زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔
دریں اثنا کشمیر زون پولیس نے اپنے ٹویٹر ہیںڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: ’گذشتہ روز کے دہشت گردی مخالف آپریشن کے دوران زخمی ہونے والا پولیس کانسٹیبل سرفراز احمد ساکن بٹوٹ رام بن زخموں کی تاب نہ لا کر جام شہادت نوش کر گیا‘۔
ٹویٹ میں کہا گیا: ’ہم ڈیوٹی کے دوران عظیم قربانی دینے والے اس شہید کو شاندار خراج پیش کرتے ہیں‘۔
قابل ذکر ہے کہ سری نگر کے نوہٹہ علاقے میں گذشتہ شام چانس انکاؤنٹر کے دوران ایک پولیس اہلکار اور ایک ملی ٹینٹ زخمی ہوا تھا۔
پولیس نے اس انکاؤنٹر کے دوران لشکر طیبہ کے دو ملی ٹینٹوں کی طرف سے استعمال کئے جانے والے اسکوٹر ، ایک اے کے رائفل اور دو گرینیڈ بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یو این آئی





