سید الطاف بخاری اور دیگر قائدین نے خیر مقدم کیا
سرینگر: سرینگر کے کھمبر بلاک سے ڈی ڈی سی کےلئے منتخب رُکن اور نیشنل کانفرنس کے سابق لیڈر قیصر گنائی آج اپنی پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔موصولہ بیان کے مطابق پارٹی صدر دفتر سرینگر میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری اور دیگر قائدین نے نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا۔
اس موقعے پر سید الطاف بخاری نے کہا، "میں تہہ دل سے پارٹی میں آپ کی شمولیت کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ نوجوانوں کا اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کرتا ہوا دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوتی ہے کیونکہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ اپنی پارٹی نوجوانوں میں مقبول ہورہی ہے اور وہ اس پارٹی کی پالیسیوں اور ایجنڈے کو پسند کرتے ہیں۔ ہم سب مل جل کر امن و استحکام، خوشحالی اور ترقی کے حوالے سے اپنی پارٹی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔”انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا، "میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ جب آپ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی خدمت کرنے کے متحرک ہوجائیں گے تو اپنی پارٹی کی قیادت اس مشن میں آپ کے ساتھ ساتھ کھڑی ہوگی۔”تقریب میں پارٹی کے جو دیگر قائدین موجود تھے، اُن میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر، سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر اور پارٹی کی یوتھ ونگ کے صدر جنید عظیم متو، چیئر مین ڈی ڈی سی سرینگر اور پارٹی کے صوبائی سیکرٹری ملک آفتاب، سابق رُکنِ اسمبلی اور پارٹی کے ضلع صدر نور محمد شیخ، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، وائس چئرمین ڈی ڈی سی سیرینگر بلال احمد، جنرل سیکرٹری ایس ٹی ونگ خالد بڑھانا، ریاض بڑھانا، محمد سلیم بٹ (کونسلر)، محسن ظفر، اور ڈی ڈی سی رکن شبیر ریشی شامل تھے۔