جمعہ, مئی ۹, ۲۰۲۵
17.5 C
Srinagar

مزار شہدا پر چادر چڑھانے سے روکنے سے13 جولائی کے تاریخی واقعے کو ختم نہیں کیا جا سکتا ہے: محمد یوسف تاریگامی

سری نگر،13 جولائی: سی پی آئی(ایم) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی کا کہنا ہے کہ مزار شہدا پر چادر چڑھانے سے روکنے سے13 جولائی کے تاریخی واقعے کو ختم نہیں کیا جا سکتا ہے۔

بتا دیں کہ13 جولائی 1931 کو سری نگر میں سینٹرل جیل کے باہر ڈوگرہ فوجیوں کے ہاتھوں 22 کشمیریوں کی ہلاکت ہوئی تھی۔ بعد میں سال 1948 میں اس وقت کے جموں و کشمیر کے وزیر اعظم شیخ محمد عبداللہ نے اس دن کو ‘یوم شہدا’ قرار دیا تھا اور اس دن سرکاری تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
اس دن کے موقع پر سری نگر کے نقشبند علاقے میں واقع مزار شہدا پر ہر سال جملہ سیاسی جماعتوں کے لیڈران حاضر ہو کر پھول مالائیں چڑھاتے تھے اور فاتحہ پڑھتے تھے۔
تاہم جہاں یونین ٹریٹری انتظامیہ نے دسمبر 2019 میں اس دن کی چھٹی کو منسوخ کیا وہیں ذرائع کے مطابق امسال بھی مزار شہدا پر یوم شہدا کے موقع پر خاموشی چھائی رہی۔
محمد یوسف تاریگامی نے بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں سوالیہ انداز میں کہا: ’کیا مزار شہدا پر چادر چڑھانے کی رسم ادا کرنے کی اجازت نہ دینے سے اس تاریخی واقعے کو ختم کیا جا سکتا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’لوگوں کو کب تک خاموش رکھا جا سکتا ہے‘۔
موصوف لیڈر نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا: ’آج کے دن 91 برس قبل 22 لوگوں کو بادشاہت کے خلاف بغاوت کی آواز بلند کرنے کے پاداش میں شہید کر دیا گیا‘۔
انہوں نے ٹویٹ میں مزید کہا: ’اس نے بہتر مستقبل کے لئے ایک محرک کا کام کیا اور ’نیا کشمیر‘ کے قیام کی حوصلہ افزائی کی‘۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img