سری نگر، یکم جولائی: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بجبہاڑہ علاقے میں ریت نکالنے کے دوران ایک مزدور دریائے جہلم میں غرقاب ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق بجبہاڑہ میں ایک مزدور جمعے کو دریائے جہلم سے ریت نکال رہا تھا کہ وہ پھسل کر ڈوب گیا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ پیش آتے ہی پولیس اور مقامی لوگوں نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا اور سخت کوششوں کے بعد میں مذکورہ مزدور کو بے ہوشی کے عالم میں بازیاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ مزدور کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
متوفی مزدور کی شناخت خلیل احمد چوہان ولد عبدالرحیم چوہان ساکن آرہامہ کوکرناگ کے بطور کی گئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاش کو قانونی و طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد تجہیز و تدفین کے لئے لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔
یو این آئی