سری نگر،20: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے چھتہ پورہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان دوران شب چھڑنے والی تصادم آرائی میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایکملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے لولاب علاقے میں اتوار کو چھڑنے والے انکاؤنٹر میں شوکت احمد شیخ سمیت لشکر کے چار ملی ٹینٹ مارے گئے۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پلوامہ کے چھتہ بل علاقے میں دوران شب چھڑنے والے انکاؤنٹر میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔
کپوارہ تصادم آرائی کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا کہ کپوارہ تصادم میں شوکت احمد سمیت لشکر طیبہ کے چار ملی ٹینٹ مارے گئے۔
کپوارہ میں اتوار کو تصادم چھڑ گیا تھا اور دو ملی ٹینٹ پہلے ہی مارے گئے تھے۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ جائے تصادم آرائی سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا جبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔
کشمیر زون پولیس نے اتوار کو اس انکاؤنٹر کے متعلق ایک ٹویٹ میں کہا تھا: ’کمین گاہوں کی تلاشی کے دوران چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز کی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم پر فائرنگ شروع کردی‘۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا تھا: ’سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں ایک ملی ٹینٹ ہلاک ہوا جبکہ گرفتار شدہ ملی ٹینٹ (شوکت) بھی تصادم میں پھنس گیا‘۔
یو این آئی




