کولگام / جنوبی ضلع کولگام میں مشتبہ ملی ٹنٹوں نے جمعرات کی صبح راجستھان سے تعلق رکھنے والے غیر مقامی بینک منیجرکو گولی مار کر ابدی نیند سلا دیا ۔ پولیس ذرائع نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملی ٹنٹوں نے علاقائی دیہاتی بینک شاخ کولگام کے منیجر وجے کمار پر نزدیک سے گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمی بینک منیجر کو فوری طور پر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ضلع ہسپتال کولگام کے ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ حملے کے فوراً بعد پولیس ، فوج اور فورسز نے پورے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی بڑے پیمانے پر شروع کردی ۔ گذشتہ تین روز میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا ٹارگیٹ کلنگ واقعہ ہے ۔اس سے قبل منگلوار کو بندوق برداروں نے سانبہ سے تعلق رکھنے والی رجنی بالا نامی استانی کو ہلاک کیا تھا ۔
وادی کشمیر میں گذشتہ تین ہفتوں سے جاری ٹارگیٹ کلنگ کے واقعات کے پیش نظر مرکزی وزارت داخلہ نے 3جون بروز جمعہ ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی ہے جس کی صدارت مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کریں گے ۔میٹنگ میں جموں وکشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر اعلی افسران شرکت کریں گے ۔





