نئی دہلی، 30 مئی : وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کوان بچوں کے لیے پی ایم کیئرزفنڈ اسکیم کے تحت امدادجاری کی جو کورونا کے دور میں اس انفیکشن کی وجہ سے اپنے والدین یا سرپرستوں کوکھونے کی وجہ سے بے بس ہو گئے ہیں۔
آج اس موقع پر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پی ایم کیئرز فار چلڈرن اس بات کا عہد ہے کہ ملک کا ہرشہری انتہائی حساسیت کے ساتھ ان بچوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں مطمئن ہوں کہ ایسے بچوں کی اچھی تعلیم کے لیے ان کے گھروں کے قریب ہی سرکاری یا پرائیویٹ اسکولوں میں ان کا داخلہ کرایاجاچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت اگر کسی بچے کو پروفیشنل کورس یا اعلیٰ تعلیم کے لیے قرض کی ضرورت ہے تو پی ایم کیئرز اس میں بھی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری روزمرہ ضروریات کے لیے دیگر اسکیموں کے ذریعے ان کے لیے ماہانہ 4000 روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب ایسے بچے اسکول کی تعلیم مکمل کرلیں گے تو مستقبل کے خوابوں کے لیے مزید رقم کی ضرورت ہوگی۔ اس کے لیے 18 سے 23 سال کے نوجوانوں کو ہر ماہ وظیفہ ملے گا اور جب بچے 23 سال کے ہو جائیں گے تو انہیں 1000000 روپے کی یکمشت امداد دی جائے گی۔
مسٹر مودی نے کہا کہ پی ایم کیئر فار چلڈرن کے ذریعے بچوں کو آیوشمان ہیلتھ کارڈ بھی دیا جا رہا ہے۔ اس سے انہیں پانچ سال تک مفت علاج کی سہولت بھی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک پی ایم کیئرز کے ذریعے اس ذمہ داری کو پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ کوشش کسی ایک شخص تنظیم یا حکومت کی محض کوشش نہیں ہے، ہمارے کروڑوں ہم وطنوں نے اپنی محنت اور پسینے کی کمائی پی ایم کیئرز میں دی ہے۔
یواین آئی





