بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

پرنسپل سیکرٹری ایچ اینڈ ایم ای نے یاترا 2022 کے انتظامات کا جائیزہ لیا

سرینگر :صحت اور طبی تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری منوج کمار دویدی نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں شری امر ناتھ جی یاترا 2022 کیلئے صحت کی دیکھ بھال کے انتظامات کا جائیزہ لیا گیا ۔
صحت کی دیکھ بھال کے انتظامات کا جائیزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے افسران کو ہدایت دی کہ شری امر ناتھ جی یاترا 2022 کیلئے آنے والے یاتریوں کو معیاری صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ یاترا شروع ہونے سے قبل تمام انتظامات کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے یاترا کے نوڈل آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ڈی آر ڈی او کے ذریعہ 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال کے قیام کے معاملے کی پیروی کریں تا کہ اسے اپریشنل بنایا جا سکے ۔ دریں اثنا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کی رجسٹریشن کو منظم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں ۔
میڈیکل کنٹیجنسی پلان کا جائیزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے ہدایت دی کہ ایمر جنسی رسپانس سسٹم کو ہر سطح پر فوری اور فول پروف ہونا چاہئیے اور اس سلسلے میں ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ یاترا کے راستے پر ایمبو لینسوں کی تعیناتی پر بات چیت کی گئی اور 102 اور 108 ایمبو لینس سسٹم کو یاترا کے دوران چوکس رکھنے کی ہدایت دی گئی ۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے یاتریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی اور جہاں ضروری ہو وسائل میں اضافے کی ہدایت دی ۔
ڈپٹی کمشنروں نے پرنسپل سیکرٹری کو ہالٹنگ سنٹرز کے انتظامات اور صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو بڑھانے کے بارے میں آگاہ کیا ۔ ڈی سیز نے یقین دلایا کہ تمام انتظامات مکمل کر لئے جائیں گے اور یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے عملہ کو وقف کر دیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر نے یاترا کیلئے صحت کی دیکھ بھال کے انتظامات کے بارے میں ایک مختصر پرذنٹیشن دی ۔
میٹنگ میں محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے سینئر افسران ، ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر ، ایس اے ایس بی ، متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ سی ایم اوز نے بھی شرکت کی ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img