اننت ناگ:مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ مسٹر اجے کمار مشرا نے اننت ناگ کے اپنے دو روزہ دورے کا آج یہاں پہلگام میں اختتام کیا ۔
اپنے دورے کے دوسرے دن وزیر مملکت نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول پہلگام کا دورہ کیا ۔ طلباءنے معززین کو سکول میں خوش آمدید کہتے ہوئے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا ۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے کبڈی کے کھلاڑیوں اور جی ایچ ایس پہلگام اور جی ایچ ایس بنکوٹ کی ٹیموں کے ساتھ بات چیت کر کے حوصلہ افزائی اور تعریفی کلمات کا اشتراک کیا ۔ کبڈی کے اگلے میچ میں ایچ ایس بنکوٹ فاتح ٹیم کے طور پر ابھری ۔ وزیر مملکت نے حصہ لینے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے اور طلباءمیں کھیل کے جذبے کو سراہا ۔
مسٹرمشرا نے جی ایچ ایس کھرم ، جی جی ایچ ایس سلر ، جی بی ایچ ایس سلر ، جی ایچ ایس کٹسو ، جی ایچ ایس ہیتگام ، جی ایم ایس ویرسرن ، جی ایم ایس موویرا اور جی جی ایم ایس کلر سمیت مختلف سرکاری اسکولوں میں کمپیوٹر اور کھیلوں کی کٹس تقسیم کیں ۔ کل 140 سکولوں کو کمپیوٹر فراہم کئے گئے ہیں ۔ جی ایچ ایس ہلر ، جی ایم ایس پنجات ، جی جی ایچ ایس پہلگام سمیت دیگر کے طلباءنے کھیلوں کی کٹس حاصل کیں ۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وادی کشمیر کو قدرتی مناظر اور بے مثال خوبصورتی سے نوازا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے کہ ملک کے تمام شہریوں کو عوامی خدمات تک رسائی حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ آئین نے 18 سال سے اوپر کے ہر شہری کو ووٹ دینے کا اختیار دیا ہے اور یہ لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس حق کا بہترین استعمال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ طلباءکے جوش و جذبے اور مہارت کو دیکھتے ہوئے انہیں یقین ہے کہ جموں و کشمیر یو ٹی کے نوجوان عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل ہیں اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ انہیں عالمی سطح پر اپنی شناخت بنانے کیلئے کافی مواقع فراہم کئے جائیں ۔
مسٹر مشرا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں نہ صرف تعلیمی مہارت حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے بلکہ نوجوانوں کو کھیلوں میں مواقع فراہم کرنے پر توجہ دی گئی ہے تا کہ وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں ۔ انہوں نے طلباءکو لگن کے ساتھ محنت کرنے کی تلقین کی اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کیلئے بہترین مواقع پیدا کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔
وزیر مملکت نے ڈی پی او اننت ناگ اور ایس ڈی ایم پہلگام کو ہدایات جاری کیں کہ جی ایچ ایس ایس بٹکوٹ اور جی ایچ ایس ایس پہلگام دونوں میں علیحدہ ٹوائلٹ کمپلیکس بنائے جائیں ۔
اس موقع پر مسٹر اجے کمار مشرانے بجبہاڑہ میں سلاٹر ہاوس کی تعمیر اور بجبہاڑہ میں ٹاو¿ن ہال کم میونسپلٹی آفس کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا ۔
قبل ازیں وزیر مملکت نے پی ایم ڈی پی رورل کے تحت 3.9 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ 33/11 کے وی 6.3 میگاواٹ بٹکوٹ ریسیونگ اسٹیشن کا افتتاح کیا جس سے 9 گاو¿ں کے 2000 سے زیادہ گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا ۔
مسٹر مشرا نے پہلگام میں آیوش ہیلتھ سنٹر کا بھی دورہ کیا اور موجودہ سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے طبی عملے کی محنت کی تعریف کی اور مرکز کو ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا ۔
بعد ازاں پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ضلع میں اسکولوں کے کام کاج سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے وزیر مملکت سے ملاقات کی ۔ انہوں نے کچھ اسکولوں کی شکایات کے بارے میں وزیر مملکت کو آگاہ کیا ۔ وزیر مملکت نے وفد کو یقین دلایا کہ ان مسائل پر متعلقہ حکام کے ساتھ تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ مسٹر مشرا نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی ترجیح بچے کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانا ہے اور ضروری بنیادی ڈھانچے کی دستیابی کو بھی یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ آنے والی نسل اپنی شناخت بنانے اور قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے اچھی طرح سے لیس ہو ۔
وزیر مملکت کے ساتھ ڈائریکٹر پولیس ایم ایچ اے ، ڈی آئی جی ایس کے آر ، اے ڈی ڈی سی ، ایس ایس پی اننت ناگ کے علاوہ دیگر متعلقین بھی تھے ۔





