بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

روحانی تعلیمات تبدیلی کی ضمانت

ملک میں ناخواندگی کاخاتمہ کرنے او ر تعلیم وتربیت کو فروغ دینے کیلئے حکومت تعلیمی پالیسی مرتب کرنے کے لئے ہر وقت تیار رہتی ہے اور بدلتی صورتحال کے عین مطابق تعلیمی پالیسی میں بھی ہرممکن بدلاﺅ لایا جا رہا ہے ۔

جموں وکشمیر انتظامیہ بھی تعلیم کو فروغ دینے اور خواندگی کی شرح بڑھانے کیلئے ”آﺅسکول چلیں مہم “ کو کامیاب بنانے کے لئے اسکے پروگرام کو عملانے جارہی ہے ۔

اس پروگرام کے تحت جموں وکشمیر کے اُن گھرانوں تک رسائی حاصل کی جا رہی ہے جن کے بچے مختلف وجوہات کی وجہ سے تعلیم وتربیت اور علم کے نور سے دور رہ رہے ہیں ۔تعلیم ہی ایک ایسا واحد ذریعہ ہے جس کی بدولت قوموں میں تبدیلیاں آچکی ہیں ۔غریب سے غریب ملک بھی تعلیم وتربیت کی بدولت ترقی کے منازل طے کر چکے۔

اس طرح انہوں نے اپنے لوگوں کی تقدیر میں چار چاند لگا دئے ۔دنیا میں بڑے بڑے پیر ،پیغمبر اوتار اور گروﺅں نے جنم لیا اور انہوں نے تعلیم سے ہی لوگوں کو دعوت دیکر اپنی جانب راغب کیا او ر سماج میں بدلاﺅ لاکر لوگوں کو زندگی سے متعلق نشیب وفراز سکھائے ۔

اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ تعلیم ایک ایسا نور ہے جس کے پھیلنے سے ہر سُو روشنی آتی ہے اور ظلمت ،جہالت مٹ جاتی ہے ۔

جہاں تک وادی کشمیر کا تعلق ہے چند دہائی قبل اس وادی میں مروجہ تعلیم کی شرح فیصد بہت کم تھی مگر پھر بھی یہاں کے لوگوں میں شرافت ،سادگی ،انسانیت ،رحمدلی اور انصاف وعدل دیکھنے کو مل رہا ہے ۔

شہر ،قصبہ ،گاﺅں یا محلے میں دور دور تک عالم،ڈاکٹر ،انجینئر یا اعلیٰ تعلیم یافتہ اُستاد نظر نہیں آرہا تھا لیکن پھر بھی تعلیم کے اصل ماخذ سے لوگ واقف تھے اور وہ علم پر عمل بھی کرتے تھے ۔

ایک دور چلا کہ مروجہ تعلیم کےساتھ ساتھ مذہبی تعلیمات بھی عام ہونے لگیں ،ہر گھر میں پڑھے لکھے افراد دیکھنے کو ملنے لگے ،ڈاکٹر ،انجینئر ،سکالر ،دانشور ،مولوی اور مفتی حضرات جگہ جگہ پائے جاتے ہیں لیکن سماج میں جو تباہی ،بربادی ،رذالت اور غیر انسانی حرکات عام ہوگئیں، اُس سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ صرف تعلیم ہی انسان کو تبدیل نہیں کر سکتی ہے بلکہ اعمال سے ہی انسان ۔انسان بن سکتا ہے ۔

لہٰذا ’آﺅ اسکو ل چلیں‘پروگرام عملانا اچھی بات ہے لیکن جن اصل تعلیمات روحانی سے ہمارے بچے دور ہو گئے، اُن روحانی تعلیمات کو فروغ دینے کی اشدضرورت ہے جن سے ہمارا معاشرہ ،ملک او ر ارد گرد کا ماحول بہتر بن سکتا ہے، جس کی غالباً ہمارے پالیسی سازوں ،سیاستدانوں اور حکمرانوں کو تلاش ہے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img