لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم کا تہہ دل سے شکریہ اَدا کیا
جموں:وزارت ِشہری ہوا بازی نے سرینگر ۔ شارجہ پروازوں کو مستقل بنیادوں پر ہر ہفتے 5 پروازوں کی حد تک منظوری دی ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سرینگر اور شارجہ کے درمیان باقاعدہ بین الاقوامی پروازیں تجارت اور سیاحت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ یو ٹی انتظامیہ وزارتِ شہری ہوا بازی اور مرکزی وزیر شہری ہوا بازی جیوتیرادتیہ سندھیا کے بھر پور تعاون سے سیاحت اور صنعت کے بڑھتے ہوئے شعبوں کو پورا کرنے کیلئے ہوائی رابطہ کو مضبوط بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ضروری اقدامات کر رہی ہے ۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ وادی اور متحدہ عرب امارات کے درمیان براہ راست ہوائی رابطہ کو 11 برس کے بعد وزیر داخلہ نے گذشتہ سال اکتوبر میں بحال کیا تھا اور اس سہولیت میں خلیجی خطے کے ساتھ جموں و کشمیر کے تعلقات کو مضبوط بنانے ، مارکیٹ روابط پیدا کرنے اور جموں و کشمیر کی زراعت ، باغبانی اور دستکاری کی مصنوعات کی براہ راست برآمدات کو فعال کرنے کی بے پناہ صلاحیت ہے ۔
جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ نے اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں کہ جموں ، سرینگر کے ہوائی اڈوں پر ہوائی ٹریفک مستقبل میں بلا روک ٹوک بڑھے ۔