سرینگر:چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ میں سپیشلائزڈ آرتھوپیڈک یونٹ ( اضافی ہسپتال بلاک ) اور لل دید میٹر نٹی ہسپتال سرینگر کے اضافی بلاک کی تعمیر پر پیش رفت کا معائینہ کیا ۔
برزلہ میں سپیشلائزڈ آرتھو پیڈک یونٹ کی تعمیر پر پیش رفت کا معائینہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے معیار کے پیرا میٹرز پر پوری توجہ مرکوز کرتے ہوئے کام کی پیش رفت کو تیز کریں ۔
چیف سیکرٹری نے عمارت کی تکنیکی خصوصیات کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے متعلقہ انجینئرز کو ہدایت دی کہ موثر نفاذ کیلئے تکنیکی اور معیار کے پیرا میٹرز کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر جہلم توی فلڈ ریکوری پراجیکٹ ( جے ٹی ایف آر پی ) ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے بتایا کہ عمارت میں آرتھو پیڈک کی دیکھ بھال کیلئے وادی کے سب سے بڑے مرکز کا بنیادی ڈھانچہ 120 بستروں کی گنجائش کے ساتھ ساتھ تکنیکی طور پر جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹر ، پری آپریٹو اور پوسٹ آپریٹو یونٹس ہوں گے جو کافی حد تک بڑھیں گے ۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ باوقار پروجیکٹ جے ٹی ایف آر پی کے جزو ” کریٹیکل انفراسٹرکچر “ کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کی مالی اعانت ورلڈ بینک نے دی ہے ۔
لل دید میٹر نٹی ہسپتال کے اضافی بلاک پر پیش رفت کا معائینہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ہدایت دی کہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے پروجیکٹ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے ۔
چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کی عمارت کو بیس آئسولیشن تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے تعمیر کیا جائے گا تا کہ اسے سیسمک زون وی میں زلزلوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جا سکے ۔ وادی میں کسی بھی سرکاری عمارت کی تعمیر میں پہلی بار اس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ عمارت کو گرین بلڈنگ کے طور پر درجہ بندی کیا گیا ہے اور اسے بین الاقوامی ڈیزائین کے معیارات کی بنیاد پر کارکردگی حاصل کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ ہسپتال کی عمارت قبل از پیدائش اور بعد از پیدائش کی دیکھ بھال کیلئے جدید ترین آلات سے لیس ہو گی ۔
چیف سیکرٹری نے ایل ڈی ہسپتال کے وارڈز کا بھی دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔
پرنسپل جی ایم سی سرینگر ڈاکٹر سمعیہ راشد نے مریضوں کی دیکھ بھال کی سہولیات کی دستیابی کے بارے میں بریفنگ دی ۔ چیف سیکرٹری نے ایل ڈی ہسپتال کی ناکارہ لفٹس کو دو ماہ میں فعال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔
بعد ازاں چیف سیکرٹری نے ہری پربت قلعہ کا دورہ کیا اور زائرین کیلئے رکھی گئی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔
انہوں نے ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو سے زائرین کیلئے سہولیات کو اپ گریڈ کرنے کیلئے کہا اور قلعہ تک جانے والی سیڑھیوں کو دوبارہ ڈیزائن کرنے کیلئے کہا ۔
ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے ، ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اور دیگر افسران بھی دوروں کے دوران چیف سیکرٹری کے ہمراہ تھے ۔