سری نگر،25 اپریل: وادی کشمیر کے نوجوان جہاں مختلف شعبہ ہائے حیات سول سروس امتحانات سے لے کر کھیل کے میدان تک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں وہیں وہ سنگیت کی دنیا میں بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔
شمالی کشمیر کے سنگ پورہ پٹن سے تعلق رکھنے والے عادل منظور شاہ ایک ایسے نوجوان گلو کار ہیں جنہوں نے نہ صرف سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے بلکہ انہوں نے ملک و بیرون ملک بھی اپنا اور اپنے وطن کشمیر کا نام روشن کیا ہے۔
عادل منظور وادی کے معروف گلو کار و موسیقار منظور احمد شاہ کے فرزند ہیں اور انہوں نے اپنے والد سے متاثر ہو کر گلو کاری کے شعبے کا اپنا اوڑھنا بچھونا بنا دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ان کے کشمیری زبان میں گایے جانے والے گانوں کے ویڈیوز کو لاکھوں کی تعداد میں لوگ دیکھتے اور پسند کرتے ہیں جس سے ان کی مقبولیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
موصوف نوجوان گلو کار نے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے خصوصی پروگرام ‘سکون‘ میں اپنے سفر اور کامیابیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا: ’میں دیکھتا تھا کہ جب میرے والد منظور احمد شاہ شادی یا دوسری تقریبوں میں گاتے تھے تو لوگ ان کی بہت عزت کرتے تھے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’میں نے سوچا کہ اگر میں کسی دوسرے شعبے میں جا کر ایک لاکھ روپیہ ماہانہ بھی کماؤں گا لیکن اتنی عزت کہیں نہیں ملے گی اور پھر میں نے بھی اسی شعبے میں جانے کی ٹھان لی‘۔
یو این آئی