لیفٹیننٹ گورنر نے جموں توی گالف کورس میں گالف ٹریننگ اکیڈیمی کا اِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے جموں توی گالف کورس میں گالف ٹریننگ اکیڈیمی کا اِفتتاح کیا

جموں:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموں توی گالف کورس میں سرکاری سکولوں کے طلباءکے لئے گالف ٹریننگ اکیڈیمی کا اِفتتاح کیا۔
اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ اِس کھیل کو جامع اور عام لوگوں تک رَسائی کے قابل بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اِنتظامیہ نے نوجوانوں او رطلباءمیں گالف کو مقبول بنانے کے لئے کشمیر گالف کورس سری نگر میں پہلے ایک گالف اکیڈیمی قائم کی ہے اور اب ایک برس کے اَندر 100بچوں کی پہلی بیچ جموں توی گالف کورس میں اَپنی بنیادی تربیت شروع کر رہی ہے اور 15دِنوں کے بعد اِس ٹریننگ کامرحلہ دوم شروع ہوجائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ مختلف اَضلاع میں قائم سرکاری سکولوں کے مزید طلباءکو گالف کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
یہ بات قابل ذِکر ہے کہ جموں توی گالف کورس میں نئی اِفتتاح گالف اکیڈیمی کا مقصد طلباءاور نوجوانوں کو تربیت دینا اور انہیں پیشہ ور گولفروں میں تبدیل کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے تاکہ جموںوکشمیر کے نوجوان پیشہ ورانہ میدان میں اَپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ اکیڈمی پروگرام میں حصہ لینے والے افراد کی تصدیق کے علاوہ بچوں، بڑوں اور شوقیہ گولفروں سمیت عام لوگوں کے لئے مسلسل تعلیم کا پروگرام چلائے گی۔ یہ قومی اور ریاستی سطح کے کھلاڑیوں کے لئے تربیتی مرکز بھی ہوگا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر کھیلوں کی صلاحیتوں کا ایک پاور ہاﺅس ہے اور جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کوچنگ کو آگے بڑھانے کے لئے مواقع اور وسائل دونوں فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔
اُنہوں نے اِس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کھیل معاشرے کے لوگوں کو جوڑتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جموں توی گالف کورس میں شروع کی گئی گالف اکیڈمی اسی جذبے کی علامت ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ جموںوکشمیر یوٹی آنے والے دنوں میں ملک کے سرفہرست گولفنگ مقامات میں سے ایک کے طور پر اُبھرے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ایک پروفیشنل گالف ٹور آف اِنڈیا (پی جی ٹی آئی ) ایونٹ کا سری نگر میں اِنعقاد کیا گیا تھا اور اب اسی طرح کا ٹورنامنٹ جموں میں بھی منعقد کیا جائے گا۔ مزید برآں سناسر گالف کورس کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،” وزیر اعظم نے اگست 2019 ءکے بعد ایک شہری دوست، جواب دہ اور ذمہ دار حکمرانی نظام قائم کرکے جموں و کشمیر میں کئی دہائیوں پرانے امتیازی سلوک کو ختم کیا ہے۔ ہم معاشرے کے ہر فرد کو مرکزی دھارے سے جڑے ہوئے محسوس کرنے کو یقینی بنانے کے لئے انتھک کوششیں کر رہے ہیں۔“
اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک برس میں 11,000 سرکاری عہدوں پر تقرریاں کی گئی ہیں جہاں نوجوانوں بالخصوص عام غریب اور پسماندہ گھرانوں کی لڑکیوں کو میرٹ کی بنیاد پر سرکاری ملازمتیں دی گئی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نیا حکمرانی نظام رشوت سے پاک، شفاف اور جامع ترقی پر یقین رکھتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ کھیل بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، جموںوکشمیر یوٹی کے ہر جگہ کھیل مقابلوں کا اِنعقاد، بہترین کوچز کا اِنتظام ، مسلسل نگرانی او رموجودہ اثاثوں کا مکمل اِستعمال وہ وسیع حکمت عملی ہیں جن پر جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ گذشتہ ڈیڑھ برس سے مکمل طور پر کام کر رہی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس برس تمام 20اَضلاع میں 221 کھیل میدان تعمیر کئے جائیں گے ۔ اِس کے علاوہ 157 سپورٹ کورٹس کی تعمیر اور اَپ گریڈیشن مکمل کی جائے گی۔
اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے بچوں میں گالف کی بنیادی سکلز کے بارے میں ہینڈ بُک بھی تقسیم کی۔
سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے اَپنے خطبہ اِستقبالیہ میں گالف اکیڈیمی اور اس کے کورسوں کے بارے میں تفصیلات دیں جو گورنمنٹ کے قائم کردہ سکولوں کے طلباءکے لئے کھولے گئے ہیں ۔ اُنہوں نے جموں خطے کی سیاحتی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے مختلف فلیگ شپ پروجیکٹوں پر بھی روشنی ڈالی ۔
اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محکمہ آر کے گوئیل ، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر راگھو لنگر ، کمشنر سیکرٹری محکمہ فلوری کلچر ، پاکرس و باغات شیخ فیاض احمد کے علاوہ جموں توی گالف کورس کے اَفسران اور مختلف سرکاری سکولوں کے طلباءموجو دتھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.