بدھ, اکتوبر 21, 2026
19.1 C
Srinagar

ادھم پورہ میں بس سڑک سے نیچے جا گری، لڑکی جاں بحق، 16 افراد زخمی

چھ شدید زخمیوں کو ایس ڈی ایچ رام نگر منتقل کیا گیا، دیگر زخمیوں کا پی ایچ سی بسنت گڑھ میں علاج جاری

ادھم پورہ،: جموں کے ضلع ادھم پورہ میں بدھ کے روز بسنت گڑھ-رام نگر سڑک پر ایک بس سڑک سے پھسل کر نیچے جا گری، جس کے نتیجے میں ایک لڑکی کی موت ہو گئی جبکہ 16 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) سے بات کرتے ہوئے ایک سرکاری افسر نے بتایا کہ یہ حادثہ لٹی-بسنت گڑھ تحصیل کے پاچونڈ علاقے میں واقع گلی گالا مقام پر پیش آیا۔

افسر نے بتایا کہ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے چھ مسافروں کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال (ایس ڈی ایچ) رام نگر منتقل کیا جا رہا تھا، جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) بسنت گڑھ میں جاری تھا۔

اس سے قبل مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے حادثے کے بعد ضلع ادھم پورہ کے ڈپٹی کمشنر اننت دویدی سے بات کی ہے۔

ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ مقامی لوگوں کی بروقت مدد سے تمام مسافروں کو فوری طور پر بس سے نکال لیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امدادی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت اور حادثے کی وجوہات سمیت مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

(کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img