سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں تیس ہفتوں کے بعد نماز جمعہ ادا

سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں تیس ہفتوں کے بعد نماز جمعہ ادا
سری نگر، 04 مارچ :وادی کشمیر میں جمعے کے روز معراج العالم کی اختتامی تقریبات نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیں اس سلسلے میں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا جن میں علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلام (ص) کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔ یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ وادی کشمیر میں جمعے کے روز معراج العالم کی اختتامی تقریب کے حوالے سے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔  سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول (ص) نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔ درگاہ حضرت بل میں نماز جمعے کے بعد عاشقان رسول (ص) موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔ درگاہ حضرت بل میں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وزن نے شرکت کی۔ آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ، صورہ، زیارت علمدار کشمیر چرار شریف اور دوسری عبادتگاہوں میں بھی روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔ انتظامیہ نے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام انتظامات کئے تھے جن میں بلا خلل بجلی ،پینے کا صاف پانی،طبی ،ٹرانسپورٹ ،صحت وصفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور جموں وکشمیر بینک نے درگاہ حضرت میں زائرین کے لئے طعام کے معقول انتظامات کئے تھے۔ عقیدت مندوں کو درگاہ تک لانے اور لے جانے کے لئے اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) نے دیر رات تک ٹرانسپورٹ سہولیت دستیاب رکھی گئی تھی۔ معراج العالم کی اختتامی تقریب کے حوالے سے وادی میں جمعے کو سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبہ جموں بالخصوص خطہ چناب و پیر پنچال اور خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.