جموں وکشمیر میں معرا ج العالم کی تقریب سعید مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

جموں وکشمیر میں معرا ج العالم کی تقریب سعید مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

سری نگر، یکم مارچ : ملک کے مختلف حصوں کی طرح جموں وکشمیر میں بھی منگل کے روز معراج العالم کی تقریب سعید نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئی۔

اس سلسلے میں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں معراج العالم کی مناسبت سے خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔ علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے پیغمبر اسلام (ص) کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانوں نے نعتیہ کلام پڑھے۔

یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ وادی کی مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر جاری رہنے والی پرنور اور پروقار شب خوانی کی تقریبات میں سردی کے باوجود لاکھوں کی تعداد میں عاشقان رسول (ص) وعظ و تبلیغ، درودواذکار ، ختمات المعظمات اور نعت و منقبت میں محو رہے ۔

اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب شہرہ آفاق جھیل ڈ ل کے کناروں پر واقع آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے عاشقان رسول (ص) نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔

درگاہ حضرت بل میں عاشقان رسول (ص) موئے مقدس کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔ درگاہ حضرت بل میں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وزن نے شرکت کی اور موئے پاک کا دیدار کیا۔ شب خوانی کی مجالس آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ، صورہ، زیارت علمدار کشمیر چرار شریف اور دوسری عبادگاہوں میں بھی منعقد ہوئیں۔ جبکہ صوبہ جموں بالخصوص خطہ چناب و پیر پنچال اور خطہ لداخ کے لیہہ، کرگل اور دراس میں بھی خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

انتظامیہ نے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام انتظامات کئے تھے جن میں بلا خلل،بجلی ،پینے کا صاف پانی،طبی ،ٹرانسپورٹ ،صحت وصفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔

محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور جموں وکشمیر بینک نے درگاہ حضرت میں زائرین کے لئے طعام کے معقول انتظامات کئے تھے۔عقیدتمندوں کو درگاہ تک لانے اور لے جانے کے لئے اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) نے دیر رات تک ٹرانسپورٹ سہولیت دستیاب رکھی گئی تھی۔
معراج العالم کی مناسبت سے وادی میں منگل کو سینکڑوں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا۔

بدھ کے روز بھی درگاہ حضرت بل میں نماز پنجگانہ پر موئے مقدس کی نشاندہی کرائے جائے گی ۔
بتادیں کہ وادی کشمیر میں دو برسوں کے بعد شب معراج کے سلسلے میں مساجد، خانقاہوں اور درگاہوں میں شب خوانی کی مجالس کا انعقاد ہوا۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.