سری نگر،26 فروری : جموں و کشمیر پولیس نے سرحدی ضلع کپوارہ کے لولاب علاقے میں دو جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کپوارہ پولیس اور فوج کی 28 آر آر کی ایک مشترکہ ٹیم نے لولاب میں ایک آپریشن کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت رشید احمد پیر ولد عبدالاحد پیر ساکن ٹکی پورہ لولاب اور عادل حسین شاہ ولد غلام محمد شاہ ساکن مقام لولاب کے بطور کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدگان ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے اور جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے والے تھے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ گرفتار شدگان علاقے میں ملی ٹنسی کے دوام کے لئے جنگجوؤں کو مدد بھی فراہم کرتے تھے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ یہ دونوں سیکورٹی فورسز کی نوٹس میں اس وقت آئے تھے جب انہیں مشکوک سرگرمیوں میں مصروف اور سوشل میڈیا پر ملی ٹنسی سے متعلق سرگرمیاں چلا تے ہوئے پایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا گیا اور ان کی پوچھ تاچھ شروع کی گئی۔
بیان کے مطابق تحقیقات کے دوران ان کے موبائل فونز سے قابل اعتراض مواد جیسے پوسٹرس، فوٹو گرافس اور ویڈیوز اور ان کی جنگجوؤں اور جنگجو ہینڈلرس کے ساتھ ان کی بات چیت دیکھی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن سوگام میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
یو این آئی