جموں و کشمیر کے قریب 180 طلبا یوکرین میں پھنسے، ان کی واپسی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں: حکومت

جموں و کشمیر کے قریب 180 طلبا یوکرین میں پھنسے، ان کی واپسی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں: حکومت

سری نگر،24 فروری : یوکرین پر روس کی طرف سے کی جانے والی فوجی کارروائی کے بیچ اس ملک میں جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے قریب 180طلبا پھنس گئے ہیں۔

دریں اثنا پھنسے ہوئے طلبا اور ان کے والدین نے مرکزی حکومت سے انہیں وطن واپسی کے لئے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

شمالی کشمیر کے ہندوارہ سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم جو سومی سٹیٹ یونیورسٹی یوکرین میں ایم بی بی ایس کی ڈگری کر رہا ہے کا کہنا ہے: ’یہاں ہر طرف افرا تفری کا ماحول ہے،ہم یہاں سے فوری طور نکلنا چاہتے ہیں‘۔

انہوں نے کہا: ’ہم نے آج صبح بھارتی سفارتخانے کے ساتھ رابطہ کیا اور ہمیں ایک فارم بھرنے کی ہدایت دی گئی‘۔

موصوف طلاب علم نے کہا کہ ہم سفارتخانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں انہوں نے ہمیں محفوظ مقامات میں رہنے کی تاکید کی ہے۔

عمر ڈار نامی ایک طالب علم جو ٹرنومل یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہے،نے کہا کہ ہم نے جمعرات کی صبح کے وقت جب سائرن سنی تو اس کے بعد یہاں افرا تفری پھیل گئی۔
انہوں نے کہا: ’بدھ کو بھی ہمارے یہاں کلاسز اچھی طرح لگ گئے یہاں اس وقت بھی ماحول ٹھیک ہے لیکن وہ کسی بھی خراب ہوسکتا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈہ بند ہونے سے یہاں زیادہ خوف وہراس پھیل گیا ہے۔
برہان نامی ایک طالب علم نے کہا کہ سفارتخانے سے ہمیں ہدایت ملی ہے کہ ہم وہیں ٹھہریں جہاں ہم رہائش پذیر تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا حکومت سے صرف یہی مطالبہ ہے کہ ہمیں جتنا جلد ممکن ہوسکے یہاں سے نکالا جائے۔

ادھر وادی میں ان بچوں کے والدین تشویش میں ہیں اور انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ وزارت خارجہ کے ساتھ یہ معاملہ اٹھا کر یوکرین میں پھنسے ان کے بچوں کی فوری واپسی کو یقینی بنائیں۔
عبدالسلام نامی ایک والد نے کہا کہ یوکرین میں حالات خراب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے اپیل ہے کہ وہ ہمارے بچوں کی واپسی کے لئے اقدام کریں۔
دریں اثنا جموں و کشمیر سٹو ڈنٹس ایسو سی ایشن کے ترجمان ناصر کھوہامی کا کہنا ہے کہ یوکرین میں جموں و کشمیر کے 180 سے200 طلبا پھنسے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری انتظامیہ ان طلبا کی واپسی کے لئے وزارت خارجہ کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا صاحب سے بھی بات کی اور انہوں نے ان طلبا کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.