جموں،17 فروری :جموں کے مضافات میں واقع گنگیال انڈسٹریل علاقے میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں ایک پلاسٹک فیکٹری خاکستر ہوگئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں کے گنگیال انڈسٹریل علاقے میں رامبو پلاسٹک فیکٹری میں جمعرات کی علی الصبح آگ نمودار ہوگئی جس کے نتیجے میں فیکٹری میں موجود لاکھوں روپیے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی تین فائر ٹنڈرس اور ایک ایمبولینس کو جائے واردات پر روانہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آگ کو گرچہ مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تاہم فیکٹری میں لاکھوں روپیے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم اس واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
یو این آئی