نینی تال، 8 فروری : وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کانگریس پر جم کر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ملک کو جس طاقت سے اکیسویں صدی کی طرف آگے بڑھانا چاہتے ہیں،وہیں کانگریس ملک کو بیسویں صدی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے۔
مسٹر مودی نے کانگریس پر ’منھ بھرائی‘ کرنے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ ہم تمام طبقات اور برادریوں کے لیے جدید ڈیجیٹل یونیورسٹی کی بات کر رہے ہیں، وہیں کانگریس اب بھی ’منھ بھرائی‘ کی سیاست سے باز نہیں آ رہی ہے اور ریاست میں ’مسلم یونیورسٹی‘ کھولنے کی بات کر رہی ہے۔
مسٹر مودی ورچوئل میڈیم سے اتراکھنڈ کی نینی تال-اُدھم سنگھ نگر لوک سبھا سیٹ کے عوام سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے 14 اسمبلی حلقوں کے عوام سے ورچوئلی بات چیت کی۔ ان کے اس خطاب کو 56 مقامات پر ایل ای ڈی کے ذریعے دکھایا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا،’کانگریس کی پالیسی اور ایمانداری واضح نہیں ہے۔ اس کا اندازہ ان کی انتخابی مہم سے لگایا جا سکتا ہے۔ کانگریس پارٹی نے دہلی پر دہائیوں تک حکومت کی لیکن انھیں کبھی بھی اتراکھنڈ کے مقدس بدری ناتھ، کیدارناتھ اور گنگوتری یمونوتری دھاموں کی ترقی یاد نہیں آئی‘۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج ڈبل انجن والی حکومت چاردھام کو شاندار بنانے میں لگی ہے۔ چاردھام کو جوڑنے کے لیے آل ویدر روڈ بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا،’کانگریس کو صرف چار کام آتے ہیں۔ پہلا اپنے خاندان کا مفاد، دوسرا کرپشن، تیسرا منھ بھرائی -اسکیموں میں تفریق اور چوتھا منصوبوں کوہر حال میں لٹکائے رکھنا‘۔
یو این آئی