سری نگر، 3 فروری: جموں وکشمیر پولیس نے بانڈی پورہ میں سرگرم جنگجو کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ بانڈی پورہ پولیس اور 13 آر آر نے چیک چندر گیر حاجن کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران گاڑیوں اور اُن میں سوار مسافروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی تھی کہ اسی اثنا میں ایک مشتبہ نوجوان نے وہاں سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر مذکورہ نوجوان کو دھر دبوچ کر اُس کے قبضے سے ایک چینی گرنیڈ برآمد کرکے ضبط کیا۔
اُن کے مطابق مزید پوچھ گچھ کے بعد گرفتار نوجوان کی نشاندہی پر ایک چینی پستول، ایک میگزین، چار پستول گولیوں کے راونڈ اور دو چینی گرنیڈ برآمد کئے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرفتارنوجوان کی شناخت شبیر احمد ڈار ساکن چندر گیر حاجن کے بطور ہوئی ہے اور وہ ٹی آر ایف کا سرگرم جنگجو ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرفتا ر جنگجو عباس شیخ جو کہ اب مارا گیا ہے اور سرگرم ملی ٹینٹ باسط کے ساتھ رابطے میں تھا تاکہ بانڈی پورہ ضلع خاص کر حاجن قصبے میں ملی ٹینسی کودوبارہ فعال کیا جاسکے۔
پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
یواین آئی