جموں وکشمیر میں کورونا کی اونچی اُڑان : ایک دن میں 2456افراد کی رپورٹ مثبت ،پانچ مریض فوت

جموں وکشمیر میں کورونا کی اونچی اُڑان : ایک دن میں 2456افراد کی رپورٹ مثبت ،پانچ مریض فوت

سری نگر، 14 جنوری : جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز لگاتار بڑھ رہے ہیں جمعے کے روز 2456افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے جبکہ پانچ مریض فوت ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعے کے روز سری نگر ضلع میں 464 افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے، بارہ مولہ میں 457، بڈگام میں 139، پلوامہ میں 22، کپواڑہ میں 104، اننت ناگ میں 101، بانڈی پورہ میں 95، گاندربل میں 12، کولگام میں 120اور شوپیاں میں آٹھ افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں ضلع میں سب سے زیادہ 588افراد کی رپورٹ جمعے کے روز پازٹیو آئی ہے، اُدھم پور میں 55، راجوری میں 29، ڈوڈہ میں 18، کٹھوعہ 52، سانبہ میں 16، کشتواڑ میں 33، پونچھ 49، رام بن میں چار اور ریاسی میں 90افراد کی رپورٹ پازٹیو آئی ہے۔

کورونا کے یومیہ معاملات میں لگاتار بڑھتوری سے عوامی حلقوں میں فکر وتشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق ہر روز کورونا کے یومیہ کیسز میں پانچ سے چھ سو مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہے اور اگر فوری طورپر اس پر قابو نہیں پایاگیا تو چند یوم کے اندر اندر ہی جموںوکشمیر میں سنگین صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر چہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کی خاطر حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً اقدامات اُٹھائے گئے تاہم اس حوالے سے اب سخت فیصلے لینے کی ضرورت ہے تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے۔

اُن کے مطابق معاشی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے جموں وکشمیر اور ایک لاک ڈاون کا متحمل نہیں لیکن انسانی جانوں کو تحفظ فراہم کرنا بھی از حد ضروری ہے لہذا اس حوالے سے کارگر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ یومیہ معاملات میں کمی واقع ہو سکے۔

ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ اگر پچھلے چار روز کے یومیہ معاملات پر نظر دوڑائی جائے تو یہ صاف ہو جاتا ہے کہ وائرس جموں وکشمیر میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے لہذا وائرس کی چین کو توڑنے کے لئے سخت فیصلے ناگزیر ہے۔
یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.