سری نگر/ وادی کشمیر کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں جہاں ان دنوں غیر مقامی سیاحوں کی بہت بڑی تعداد تازہ برف باری اور دوسرے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہی ہیں وہیں دوسرے سیاحتی مقامات بھی سیاحوں سے بھرے پڑے ہیں۔
یہاں موجود ان سیاحوں میں کافی جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے اور ان میں سے جو پہلی بار کشمیر آئے ہیں وہ یہاں کی سحر انگیز خوبصورتی کو دیکھ کر محو حیرت ہیں۔
ممبئی سے آنے والی پائل نامی ایک سیاح نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلی بار کشمیر آئی ہوں اور یہاں کی خوبصورتی کو لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کرسمس کا تہوار اور نیا سال منانے کے لئے یہاں آئے ہیں جو میری بچپن کی خواہش تھی اور اس سال پوری ہوگئی۔
موصوفہ نے کہا کہ گلمرگ میں پہلی بار بھاری برف باری دیکھی تو بہت ہی مزا آیا۔
انہوں نے کہا کہ جس قدر میں سوچا تھا کہ گلمرگ خوبصورت ہے تو وہاں جاکر معلوم ہوا کہ وہ میری سوچ سے بھی زیادہ حسین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر جہاں خوبصورت ہے وہیں یہاں کے لوگ بھی بہت ہی اچھے اور نیک ہیں۔
دہرا دون سے آنے والی ایک سیاح نے کہا کہ کشمیر کی ہر جگہ لاجواب ہے یہاں کے جھیل ڈل کے نظاروں کی کوئی دوسری مثال نہیں ہے اور وہیں شکارہ سواری بھی بے مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے باقی دوستوں کو بھی یہاں آنے کو کہا۔
یو این آئی





