نئی دہلی، 24 دسمبر : پان مسالہ اور تمباکو کی مصنوعات بنانے والی کانپور کی کمپنی تریمورتی فریگرنس پرائیویٹ لمیٹڈ نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف گُڈس اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) ویجیلنس الہ آباد کی جانب مارے گئے چھاپوں میں اب تک 150 کروڑ روپے کی نقدی برآمد کی ہے۔یہ رقم بڑھ سکتی ہے کیونکہ ضبط شدہ نقدی کی گنتی ابھی جاری ہے۔
آج جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دیتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف جی ایس ٹی ویجیلنس نے کہا کہ محکمہ کو اطلاع ملی تھی کہ یہ کمپنی بغیر کسی بل کے یا جعلی بل کے ذریعے سامان بھیجتی تھی۔ اطلاعات کی بنیاد پر، افسران نے اس کمپنی کے ٹھکانوں کے ساتھ ساتھ ہی اس کے مال کا ٹرانسپورٹ کرنے والی کمپنی گنپتی روڈ کیریرس کے دفتر اور گوداموں پر چھاپہ مارا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مکمل ٹیکس ادا کیے بغیر تریمورتی فریگرنس کے سامان بھیجنے کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے ساتھ ہی اس کی جانب سے ایسی کمپنیوں کے نام پر 50000 روپے سے کم کے ای وے بل بنائے جا رہے تھے، جو کاروبار میں ہیں ہی نہیں ۔ چھاپوں میں ایسے شواہد ملے ہیں جن میں ایک ہی کمپنی کے نام پر متعدد ای وے بل بنائے گئے تھے۔ اسی طرح ایک پورے ٹرک کے لیے 50000 روپے سے کم کے ای وے بل بنائے گئے۔ ٹرانسپورٹر ، ان سامان کی نقل و حمل کے لیے نقد ادائیگی کی رسید بھی دکھا تا تھا اور اپنا کمیشن کاٹ کر باقی رقم کمپنی کو واپس کر دیتا تھا۔
