سری نگر/ شمالی کشمیر میں واقع مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں جمعے کے روز ایک سڑک حادثے میں کولکتہ سے تعلق رکھنے والے چارسیاح اور ایک مقامی ڈرائیور زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گلمرگ میں ہل ٹاپ کراسنگ کے نزدیک ایک سومو گاڑی سڑک سے پھسل کر ایک کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں کولکتہ سے تعلق رکھنے والے چار سیاح اور مقامی ایک ڈرائیور زخمی ہوگئے۔
زخمی سیاحوں کی شناخت ثانیہ حیدر، سید محمد کمیل، سید وصی حیدر اور مدحت فاطمہ ساکنان کولکتہ جبکہ ڈرائیور کی شناخت شوکت احمد کے بطور ہوئی ہے
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجہ کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ثانیہ حیدر جس کے سر میں چوٹ لگی ہے، کو علاج و معالجے کے لئے سری نگر ریفر کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گلمرگ میں جمعرات کو تازہ برف باری ہوئی جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوئی ہے۔حکام نے سڑکوں پر پیدا شدہ پھسلن کے پیش نظر ان ہی گاڑیوں کو ٹنگمرگ سے گلمرگ کی آواجاہی کی اجازت دی ہے جن کے ٹائرز میں زنجیریں لگی ہوں۔
یو این آئی