پینشن فراڈ: کرائم برانچ کشمیر نے پانچ ملزموں کے خلاف چارج شیٹ پیش کی

پینشن فراڈ: کرائم برانچ کشمیر نے پانچ ملزموں کے خلاف چارج شیٹ پیش کی

سری نگر/ کرائم برانچ کشمیر نے پانچ ملزموں کے خلاف میبنہ طور پر ایک خاتون کا جعلی پینشن کیس تیار کرکے اس حق میں بھاری رقم جمع کرانے کے الزام میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔

کرائم برانچ کشمیر کے ایک ترجمان نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورٹ آف سپیشل موبائیل مجسٹریٹ پلوامہ میں پانچ افراد کے خلاف درج ایف آئی آر کے تحت چارج شیٹ پیش کیا گیا۔

بیان میں ملزمان کی شناخت فضی بیگم زوجہ عبد الرشید لاوے ، ان کے شوہر عبدالرشید لاوے ولد عبدالرحیم لاوے ساکنان لر گام ترال،علی محمد وانی ولد غلام محی الدین وانی ساکن گورنمنٹ ہاؤسنگ کالونی بمنہ سری نگر، جواس وقت ایگزیکیٹو انجینئر آر اینڈ بی ڈویژن پلوامہ تھے، ہربھجن سنگھ ولد لال سنگھ ساکن بے گنڈ ترال، جو اس وقت جونیئر اسسٹنٹ تھے اور ایاز مشتاق بٹ ولد مرحوم عبدالغفار بٹ ساکن کریوا کولگام، جو اس وقت اسسٹننٹ اکاؤنٹس افسر آر اینڈ بی ڈویژن پلوامہ تھے،کے بطور کی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کرائم برانچ کو ایک شکایت موصول ہوئی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ عبدالرشید لاوے جو آر اینڈ بی ڈویژن پلوامہ کا ایک ملازم ہے، نے اپنے والد کا خاندانی پینشن کیس دھوکہ دہی سے حقیقی دعویدار (جو اس کی والدہ تھی) کی بجائے اپنی اہلیہ کے حق میں تیار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ شکایت موصول ہونے پر کرائم برانچ نے تحقیقات شروع کیں اور تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے آر اینڈ بی ڈویژن پلوامہ کے متعلقہ ملازموں کے ساتھ مجرمانہ سازش کرکے جعلی دستاویزات تیار کئے ہیں اور اس طرح مرحوم ملازم کی بہو، جو ملزم کی اہلیہ ہے، کے حق میں خاندانی پینشن کیس تیار کیا ہے اور فضی بیگم کو مرحوم عبدالرحیم لاوے کی بیوی قرار دیا گیا ہے۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ جعلی دستاویزات کی بنیاد پر مجاز حکام نے مذکورہ خاتون کے حق میں خاندانی پینشن مقرر کیا اور یہ دیکھا گیا کہ اس خاتون نے خزانہ عامرہ سے بھاری رقم بطور پینشن وصول کی ہے۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ پینشن کی اصلی دعویدار جانہ زوجہ مرحوم عبدالرحیم لاوے ہے جو اپنے شوہر سے پہلے ہی فوت ہوچکی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزمان نے ایک دوسرے کے ساتھ مجرمانہ ساز باز کرکے جعلی پینشن بک اور دیگر متعلقہ دستاویز تیار کئے تھے اور مذکورہ خاتون کے حق میں خزانہ عامرہ سے ساڑھے نو لاکھ روپیے بطور پینشن نکالے گئے ہیں۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.