کشمیر: چلہ کلان کی آمد کے ساتھ شابنہ درجہ حرارت بہتر

کشمیر: چلہ کلان کی آمد کے ساتھ شابنہ درجہ حرارت بہتر

23 اور 24 دسمبر کو برف و باراں کی پیش گوئی

سری نگر/ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ کی آمد کا استقبال شبانہ درجہ میں بہتری واقع ہونے سے ہوا۔بتادیں کہ وادی کشمیر میں خشک موسم مگر ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں کے بیچ سردیوں کا بادشاہ ’چلہ کلان‘ اتوار اور پیر کی درمیانی شب اپنے چالیس روزہ مسند اقتدار پر پوری آب وتاب کے ساتھ جلوہ افروز ہوگیا۔

ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائوں کے زیر اثر وادی کشمیر میں 23 اور24 دسمبر کو کہیں کہیں بارشیں اور ہلکے درجے کی برف باری کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد 25 اور 26 دسمبر کو موسم خشک رہنے کے بعد 27 اور 28 دسمبر کو ایک بار پھر برف باری متوقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وادی کے میدانی علاقوں میں رواں چلہ کلان کی پہلے ہلکی برف باری جبکہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بھاری برف باری کا امکان ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سری نگر میں رواں موسم کی سرد ترین رات 18 دسمبر کو درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

سری نگر میں سال گذشتہ 19 دسمبر کو کم سے کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گذشتہ ایک دہائی کے دوران سری نگر میں ماہ دسمبر میں سب سے کم شبانہ درجہ حرارت 25 دسمبر 2017 کو درج ہوا تھا جب کم سے کم درجہ حرارت منفی7.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.