لورن پونچھ کے جنگلات میں سبز سونے کی لوٹ

لورن پونچھ کے جنگلات میں سبز سونے کی لوٹ

کنزرویٹر اور دیگر آفسران نے معاینہ کیا

بلاک فارسٹ افسر سمیت دو ملازم معطل، تحققات جاری

ملوث ملازمین کے خلاف سخت کارروائی ہوگی:ڈی ایف او پونچھ

ظہیرعباس

منڈی/ جموں وکشمیر کے پہاڑی وسرحدی ضلع پونچھ فارسٹ ڈویژن کے بلاک لورن میں محکمہ کے ملازمین کی مبینہ ملی بھگت کے ساتھ درجنوں سرسبز شاداب درختوں کو گرا کر لکڑی نکالنے کا سلسلہ اگر چہ کافی عرصے سے جاری ہے۔

  اس سلسلہ میں عام لوگوں نے متعلقہ حکام کو آگاہ بھی کیا تھا لیکن اب جا کر آفسران کو محکمہ کی سنجید گی کا احساس ہوا ہے ۔

چناچہ دو روز قبل کنزرویٹر اور ڈی ایف او پونچھ نے جنگل کو پہنچے نقصان کا معائینہ کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس سلسلہ میں متعلقہ فارسٹ آفسر اور فارسٹ گارڈ کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق منڈی تحصیل کے فارسٹ بلاک لورن کی براچھڑ بیٹ میں سبز سونے کی لوٹ بڑے پیمانے پر جاری ہے اور متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی مبینہ ملی بھگت قرار دی جارہی ہے۔

مذکورہ جنگلات میں درجنوں سبز اور سوکھے درختان کاٹ دیئےگیے ہیں۔ محکمہ کے ذرائع کے مطابق رواں برس کے ماہ اکتوبر میں انہیں اس بات کا پتہ چلا کے متعلقہ علاقہ میں درختوں کو بڑے پیمانے پرکاٹا جارہا ہے جس پر متعلقہ بلاک فارسٹر اور فارسٹ گارڈ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے انہوں نے علاقہ میں جا کر جنگل کا معائینہ بھی کیا اور جن لوگوں نے ان درختوں کو کاٹا تھا، اس لکڑی کو بھی محکمہ نے ضبط کر کے محکمہ کے اسٹورز میں جمع کر دیا ہے اور ان لوگوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔

اس حوالے سے جب نامہ نگار نے جب ڈی ایف او پونچھ سریش مدان سے رابطہ کیا ،تو ان کا کہنا تھا کہ رواں برس اکتوبر کے ماہ میں انہیں یہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ فارسٹ بلاک لورن کی براچھڑ بیٹ سے کچھ لوگوں نے غیر قانونی طور پر دو درجن کے قریب سبز اور سوکھے درختوں کو کاٹا ہے جس بنا پر انہوں نے متعلقہ علاقہ میں اپنے آفسران اور ملازمین کی ایک ٹیم کو متعلقہ فارسٹ بیٹ میں بھیجا تھا اور اس لکڑی کو ضبط کر کے فارسٹ سٹور پونچھ لایا گیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں انہوں نے ایک حکمنامہ زیر نمبر11 /2021 کے تحت متعلقہ فارسٹ آفسر اور فارسٹ گارڈ کو معطل کیاگیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرسبز درختوں کی بے دریغ کٹائی میں جو کوئی بھی ملوث ہوگا ،اُس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.