جموں ہوائی اڈے پر نئی ٹرمینل عمارت کا نام مہاراجہ ہری سنگھ کے نام پر رکھا جائے: ڈاکٹر کرن سنگھ

جموں ہوائی اڈے پر نئی ٹرمینل عمارت کا نام مہاراجہ ہری سنگھ کے نام پر رکھا جائے: ڈاکٹر کرن سنگھ

سری نگر/ سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے نام اپنے ایک مکتوب میں جموں ہوائی اڈے کی نئی ٹرمینل عمارت کا نام ان کے والد مہاراجہ ہری سنگھ کے نام پر رکھنے کو کہا ہے۔
کرن سنگھ جموں و کشمیر کے آخری راجہ مہاراجہ ہری سنگھ کے بیٹے اور سابق صدر ریاست ہیں۔

موصوف کانگریس لیڈر لیفٹیننٹ گورنر کے نام اس مکتوب میں لکھتے ہیں: ’جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ جموں ہوائی اڈے کو پہلے میرے والد مہاراجہ ہری سنگھ نے اپنے ذاتی جہاز کے لئے تعمیر کرایا تھا اور اس کو کئی برسوں تک استعمال بھی کیا تھا‘۔

ان کا مکتوب میں کہنا ہے: ’اب اس ہوائی اڈے کو کافی وسعت دی گئی ہے اور ایک نئی ٹرمینل عمارت بھی تعمیر ہو رہی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ مناسب ہوگا اگر اس کا نام ’مہاراجہ ہری سنگھ ٹرمینل‘ رکھا جائے گا‘۔

ڈاکٹر کرن سنگھ مکتوب میں مزید کہتے ہیں: ’میں نے اس سلسلے میں شہری ہوا بازی کے وزیر جیوترا دتیہ سندھیا کو بھی لکھا ہے جنہوں نے کہا کہ اس گذارش پر سٹیٹ گورنمنٹ کی سفارش، جس کی تائید ریاستی قانون ساز اسمبلی میں منظور شدہ ایک قرارداد کے ذریعے کی گئی ہو، پر غور کیا جاسکتا ہے‘۔

انہوں نے مکتوب میں کہا: ’چونکہ اس وقت یہاں اسمبلی نہیں ہے تو شاید آپ اپنی طرف سے متعلقہ وزارت میں سفارش کر سکتے ہیں، مجھے امید ہے کہ جموں کے لوگ اس اقدام کی کافی سراہنا کریں گے‘۔

قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر حکومت نے 8 اکتوبر کو جموں ہوائی اڈے پر ایک نئی ٹرمینل عمارت تعمیر کرنے کے لئے ایئر پورٹ اتھارٹی آف انڈیا کو قریب نو سال کنا سرکاری اراضی مفت منتقل کرنے کو منطوری دے دی۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.