سرینگر/05 نومبر 2021/ مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) سائنس اور ٹیکنالوجی؛ وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ارتھ سائنسز؛ پی ایم او، پرسنل، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلا کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج الزام لگایا کہ سابقہ حکومتوں نے وادی کشمیر سمیت جموں و کشمیر میں سٹارٹ اپس کی جان بوجھ کر حوصلہ شکنی کی، تاکہ نوجوان مستقل طور پر تنخواہ دار سرکاری نوکریوں پر انحصار کریںاور مسلسل سیاسی آقاو ¿ں کے گرد گھومتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں، کاروباری اور خود معاش کے لیے خطے کی بے پناہ صلاحیتوں کا استعمال نہیں کیا گیا۔ زرعی اسٹارٹ اپس اور کسانوں کی ایک انٹرایکٹو میٹنگ، جس کا اہتمام کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (CSIR) اور شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (SKUAST) نے مشترکہ طور پر کیا تھا، سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں خطے میں نوجوان اسٹارٹ اپس کے لیے زرعی شعبے کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اور ٹیکنالوجی پر مبنی کوششیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا جبکہ ماضی میں کسان اور کاشتکار کاشتکاری کے لیے زیادہ تر موسمیاتی مزاج اور فطرت کی تبدیلیوں پر انحصار کرتے تھے، پچھلے کچھ سالوں میں، نئے شعبہ جات جیسے، مثال کے طور پر، لیوینڈر کی کاشت کو دونوں وادی کشمیر میں گلمرگ وغیرہ کے آس پاس کے علاقوں کے ساتھ ساتھ جموں کے علاقے ڈوڈا اور ریاسی اضلاع میں بڑے پیمانہ پر فروغ دیا گیا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں کوئی بھی حکومت ہر نوجوان کو 100 فیصد سرکاری ملازمتیں فراہم نہیں کر سکتی، لیکن ایک ذمہ دار حکومت ہمیشہ ذریعہ معاش کو فروغ دینے کا منصوبہ رکھتی ہے اور مودی حکومت بالکل یہی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، نوجوانوں اور ان کے والدین کے درمیان ایک مسلسل آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں یہ آگاہ کیا جا سکے کہ ان خود روزگار اور نئے سٹارٹ اپ آپشنز کے ذریعے بہت زیادہ منافع بخش تنخواہیں دستیاب ہیں اور اس لیے انہیں، اپنا وقت اور توانائی سرکاری نوکریوں کے حصول کی تلاش میں ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ آج کی کھیتی اب کل کی کھیتی نہیں رہی، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا، آج کا کسان درحقیقت ایک زرعی ٹیکنو کریٹ یا زرعی اسٹارٹ اپ ہے جس کے پاس وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے زرعی شعبہ متعارف کرائی گئی نئی ٹکنالوجی اور دفعات کا استعمال کرتے ہوئے شاندار منافع کمانے کا اختیار ہے۔انہوں نے کہا، حکومت ہند CSIR کے ذریعے کھیتی کے نئے طریقوں، متعدد مربوط کھیتی اور ہائبرڈ فارمنگ کے لیے تمام متعلقہ مالی اور تکنیکی مدد فراہم کر رہی ہے جس میں وزیر اعظم کے تصور کے مطابق2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کی صلاحیت بھی شامل ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وادی کشمیر کے تمام دس اضلاع سے آئے کسانوں میں فارمنگ کٹس بھی تقسیم کیں۔ جبکہ سی ایس آئی آر اور سکاسٹ کے درمیان تعاون کے ایک مفاہمت نامے پر بھی دستخط کیے گئے۔ڈائرکٹر جنرل سی ایس آئی آر ڈاکٹر شیکھر منڈے، وائس چانسلر سکاسٹ پروفیسر جے پی شرما اور ڈائرکٹر آئی آئی آئی ایم ڈاکٹر ریڈی بھی کسانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔





