آگرہ میں گرفتار کشمیری طلبا کی رہائی کے لئے پی ڈی پی کا احتجاج

آگرہ میں گرفتار کشمیری طلبا کی رہائی کے لئے پی ڈی پی کا احتجاج

سری نگر/ پی ڈی پی کے ورکروں نے آگرہ کے ایک کالج میں پاکستان حامی نعرہ بازی کرنے کے الزام میں گرفتار کشمیری طلبا کی رہائی کو لے کر ہفتے کے روز احتجاج درج کیا۔

تاہم پولیس نے ان احتجاجیوں کو یہاں شیر کشمیر پارک کے متصل واقع پارٹی ہیڈکوارٹر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی جس کی وجہ سے وہ احتجاجی مارچ نہیں کرسکے۔

پولیس نے پارٹی ہیڈ کوارٹر کے مین گیٹ کو باہر سے بند کر دیا تھا جس کے بعد کارکن گیٹ پر چڑھ کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔

اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سیاسی لیڈروں، صحافیوں اور کسی بھی فرد کو بات کرنے کی اجازت نہیں ہے اگر کوئی بات کرتا ہے تو اس کو جیل میں ڈالا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج پر امن احتجاج کرنے والے تھے لیکن ہمیں پارٹی ہیڈ کوارٹر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

پارٹی صدر محبوبہ مفتی کے بارے میں یہ پوچھے جانے پر کہ وہ یہاں موجود کیوں نہیں ہے، کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ’ہماری پارٹی صدر کو خانہ نظر بند رکھا جاتا ہے اور انہیں کہیں بھی جانے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے‘۔

موصوف احتجاجی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ آگرہ میں گرفتار ہمارے بچوں کو فوری طور پر باعزت رہا کیا جانا چاہئے۔

قابل ذکر ہے کہ آگرہ کے ایک انجیئرنگ کالج میں پاکستان کی ہندوستان کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں جیت کے بعد مبینہ طور پر پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کے الزام میں تین کشمیری طلبا کو گرفتار کیا گیا۔

گرفتار شدہ طلبا کو جب جمعرات کو آگرہ عدالت میں لے جایا گیا تو وہاں مبینہ طور بی جے پی اور اس کے ہم فکر کارکنوں اور وکلا نے ان پر حملہ کر دیا۔

دریں اثنا مقامی سیاسی جماعتوں نے ان طلبا کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔


یو این آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.