جموں و کشمیر میں زرعی زمین باہر کا کوئی شخص خرید نہیں سکتا: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

جموں و کشمیر میں زرعی زمین باہر کا کوئی شخص خرید نہیں سکتا: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا

سری نگر/ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ایک انچ زرعی زمین بھی باہر کے کسی شخص کو نہیں دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری کے نئے اراضی قوانین کے مطابق یہاں زرعی زمین کوئی باہر کا شخص خرید نہیں سکتا ہے اور اگر کوئی خرید سکتا ہے تو اس کا کسان ہونا ضروری ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یہ باتیں جمعرات کو یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس میں منعقدہ ‘ایپل فیسٹول’ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

انہوں نے کہا: ‘بڑا شور ہو رہا ہے کہ یہاں کی زمین باہر والوں کو دی جا رہی ہے۔ میں آپ سب سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کسی بھی گائوں میں اگر کسی کی ایک انچ زمین کسی باہر کے آدمی کو دی گئی ہے تو مہربانی کر کے ہمیں بتائیں’۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ میں یہ بات ذمہ داری سے کہنا چاہتا ہوں کہ کسی بھی کسان کی ایک انچ زمین بھی باہر کے کسی شخص نے نہیں لی ہے۔

انہوں نے کہا: ‘لوگوں میں جھوٹ پھیلانے کا جو کام لگاتار کیا جا رہا ہے میں سمجھتا ہوں کہ یہ صحیح نہیں ہے۔ قانون بھی یہی ہے کہ زرعی زمین کوئی خرید نہیں سکتا ہے۔ اگر کوئی خرید سکتا ہے تو اس کا کسان ہونا ضروری ہے’۔
ان کا مزید کہنا تھا: ‘اس قانون کے ذریعے یہاں کی زرعی زمین کی حفاظت کرنا جموں و کشمیر انتظامیہ کی ذمہ داری ہے’۔

نامہ نگاروں کی جانب سے حالیہ برف باری کے سبب میوہ باغات کو ہونے والے نقصان کے بارے میں پوچھے جانے پر منوج سنہا نے کہا کہ متاثرہ باغ مالکان کی بھرپور مدد کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے اسے سٹیٹ نیچرل کلیمٹی قرار دیا ہے۔ نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ جن باغ مالکان کا نقصان ہوا ہے ان کی پوری مدد کی جائے گی’۔

(یو این آئی)

Leave a Reply

Your email address will not be published.