پانپور تصادم: لشکر طیبہ کمانڈر سمیت دو جنگجو ازجان

پانپور تصادم: لشکر طیبہ کمانڈر سمیت دو جنگجو ازجان

سری نگر، 16 اکتوبر : جنوبی کشمیر کے قصبہ پانپور کے درنگ بل علاقے میں دوران شب چھڑنے والے تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک کمانڈر سمیت دو جنگجو مارے گئے ہیں۔

ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پانپور تصادم میں دو جنگجو ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت لشکر طیبہ سے وابستہ عمر مشتاق کھانڈے اور شاہد خورشید کے طور پر ہوئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مہلوک جنگجوؤں کی تحویل سے اسلحہ وگولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے کہا گیا کہ درنگ بل پانپور تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ کمانڈرعمر مشتاق کھانڈے بھی مارا گیا جو باغات سری نگر میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا۔

ٹویٹ میں کہا گیا: ‘درنگ بل پامپور تصادم آرائی میں لشکر طیبہ کے کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے کو ہلاک کر دیا گیا جس نے باغات سری نگر میں ہمارے دو ساتھیوں کانسٹیبل محمد یوسف اور کانسٹیبل سہیل احمد کو شہید کیا تھا جب وہ چائے پی رہے تھے جنگجوؤں کے دوسرے جرائم میں یہ سب سے زیادہ نا قابل معافی جرم ہے’۔

ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا: ‘ہم جنگجوؤں کو تلاش کرنے کے لئے پرعزم ہیں جو لوگوں میں خوف و دہشت پیدا کر رہے ہیں اور وادی میں فساد پھیلا رہے ہیں ایسے عناصر اور ان کا نام سماج سے نکال باہر کیا جانا چاہئے’۔

قبل ازیں کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے میڈیا کو بتایا کہ اونتی پورہ پولیس کو جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے گذشتہ شام درنگ بل پانپور کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی آپریشن شروع  کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ پھنسے ہوئے جنگجوؤں کو سرنڈر کرنے کا موقع دیا گیا لیکن انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تصادم چھڑ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ محاصرے میں لشکر طیبہ کے کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے سمیت دو جنگجو پھنسے ہوئے ہیں۔

قبل ازیں ان کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا: ‘پانپور انکوئنٹر میں لشکر طیبہ کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے، جس کا شمار دس اعلیٰ جنگجوؤں میں ہوتا ہے، پھنسا ہوا ہے جو دیگر جرائم کے علاوہ باغات سری نگر میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا’۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کی چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 50 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے درنگ بل پامپور کو گذشتہ شام محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔

دریں اثنا آئی جی پی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ وادی میں حالیہ شہری ہلاکتوں کے بعد 9 مسلح جھڑپوں میں 13 جنگجو مارے گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہم نے پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر سے تعلق رکھنے والے پانچ میں سے تین جنگجو ہلاک کئے ہیں’۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.