پیگاسس جاسوسی معاملہ میں عبوری حکم محفوظ

پیگاسس جاسوسی معاملہ میں عبوری حکم محفوظ

نئی دہلی ، 13 ستمبر (یو این آئی) پیگاسس مبینہ جاسوسی کیس کی خصوصی تحقیقات کی درخواستوں پر سپریم کورٹ نے پیر کو عبوری حکم محفوظ کر لیا۔

چیف جسٹس این وی رمن ، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس ہیما کوہلی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے متعدد درخواستوں کی مختصر سماعت کے بعد عبوری حکم محفوظ رکھ لیا۔

سپریم کورٹ کا یہ موقف اس وقت سامنے آیا جب مرکزی حکومت نے قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے اس معاملے میں اضافی حلف نامہ داخل نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے بنچ کو بتایا کہ حکومت اس معاملے میں اضافی حلف نامہ داخل نہیں کرے گی کیونکہ اس میں قومی سلامتی کا مسئلہ شامل ہے۔

اس کے بعد جسٹس رمن نے کہا کہ اگر حکومت اضافی حلف نامہ داخل نہیں کرتی ہے تو عدالت کو اس معاملے میں اپنا حکم جاری کرنا ہوگا۔ عدالت نے تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی بحث کے بعد عبوری حکم محفوظ کر لیا۔

قابل ذکر ہے کہ مبینہ پیگاسس جاسوسی کیس کی عدالت کی نگرانی میں خصوصی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے سینئر صحافیوں این رام اور ششی کمار کے علاوہ ایڈوکیٹ ایم ایل شرما اور ایڈیٹرز گلڈ کے سربراہ سمیت ایک درجن سے زائد درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

یواین آئی

Leave a Reply

Your email address will not be published.