مودی نے ہندوستان چھوڑو تحریک کےمجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا
نئی دہلی ، 9 اگست (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان چھوڑو تحریک میں حصہ لینے والے عظیم مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیر اعظم نے پیر کے روز ایک ٹویٹ پیغام میں کہا ’’ ہندوستان چھوڑو تحریک میں حصہ لینے والی تمام عظیم شخصیات کو خراج عقیدت، اس تحریک نے نوآبادیات کے خلاف جنگ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ مہاتما گاندھی کی ترغیب سے ہندوستان چھوڑو تحریک کی گونج پورے ملک میں سنائی دی تھی اور اس نے ملک کے نوجوانوں کو جوش سے بھر دیا۔
واضح رہے کہ 9 اگست 1942 کو مہاتما گاندھی نے ’انگریزو ہندوستان چھوڑو‘ تحریک شروع کی تھی ۔ جنگ آزادی کا ایک بڑا واقعہ کاکوری بھی 9 اگست کو بھی پیش آیا تھا ۔ یہ تاریخ شہداء کی یاد میں ناقابل فراموش ہے۔
نائیڈو نے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا
نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ہندوستان چھوڑو تحریک میں تعاون دینے والے تمام مجایدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ مسٹرنائیڈو نے ہندوستان چھوڑو تحریک کی سالگرہ کے موقع پر پیر کے روز یہاں جاری ایک پیغام میں کہا کہ ملک کی سلامتی اور سالمیت کی حفاظت ، ملک کی ہمہ گیر ترقی ان عظیم شخصیات کو حقیقی خراج عقیدت ہوگی۔
مسٹرنائیڈو نے کہا ’’آج ہندوستان چھوڑو تحریک کی سالگرہ کے موقع پر ،میں تحریک آزادی کے ہیرواور ملک بھر کے نوجوان مجاہدین آزادی کی بے لوث حب الوطنی کو سلام کرتا ہوں ۔ اس نے ملک کے مستقبل کے لیے اپنا سب کچھ داؤ پر لگا دیا‘‘۔