مشرق وسطیٰ، امریکا سمیت متعدد ممالک میں عید الاضحیٰ منائی جارہی ہے

مشرق وسطیٰ، امریکا سمیت متعدد ممالک میں عید الاضحیٰ منائی جارہی ہے

سعودی عرب، فلسطین، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ریاستوں سمیت یورپ، امریکا، کینیڈا، انڈونیشیا، جاپان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے دیگر خطوں میں عیدالاضحٰی مذہبی جوش جذبے سے منائی جارہی ہے۔

عید الفطر کے علاوہ مسلمانوں کا دوسرا اہم ترین تہوار عیدالاضحیٰ ہے جو قمری کیلینڈر کے آخری مہینے ذوالحج کی 10 تاریخ سے 12 تاریخ تک منائی جاتی ہے۔

عید الاضحیٰ میں مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرتے ہیں اور اس کا گوشت، غربا و مساکین کے علاوہ عزیز و اقارب میں تقسیم کرتے ہیں۔

فلسطینی مسلمان جانور کی قربانی کرتے ہوئے—تصویر: رائٹرز
فلسطینی مسلمان جانور کی قربانی کرتے ہوئے—تصویر: رائٹرز

گزشتہ برس کی مانند اس سال بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی اہم مسلمان ممالک بشمول پاکستان، متحدہ عرب امارات اور الجزائر نے عید کے اجتماعات کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔

اسی طرح رواں برس بھی محدود پیمانے پر حج کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی عرب میں مقیم ان 60 ہزار افراد کو حجج ادا کرنے کی اجازت دی گئی جنہوں نے نہ صرف کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی تھی اور کسی دائمی بیماری کا شکار نہ تھے۔

سعودی عرب میں حجاج آج شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد واپس مکہ جائیں گے, حجاج کرام کو سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر اسٹیرلائزڈ کنکریاں فراہم کی ہیں۔

دنیا کے بیشتر ممالک پر عید الاضحیٰ کا آغاز دو رکعت نماز عید کی ادائیگی کے ساتھ ہوا جبکہ افغانستان کے صدارتی محل میں نماز عید کی ادائیگی کے دوران قریبی مقام پر راکٹ آگرے۔

انڈونیشیا میں نماز عید کے اجتماعات محدود پیمانے پر منعقد ہوئے کیوں کہ سب سے زیادہ مسلمان آبادی والا یہ ملک گزشتہ کچھ عرصے سے کورونا وائرس کی بدترین لہر کی لپیٹ میں ہے۔

جس کے پیش نظر انڈونیشین حکومت نے نہ صرف سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں بلکہ بڑے اجتماعات پر بھی پابندی ہے۔دوسری جانب بنگلہ دیش نے کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن میں عید الاضحیٰ کی وجہ سے 8 روز کا وقفہ دیا تھا تا کہ لوگ خریداری اور اہلِ خانہ کے ساتھ عید منانے کے لیے گھروں کو سفر کرسکیں۔

واضح رہے کہ  بھارت اور پاکستان سمیت چند ممالک میں عید الاضحیٰ کل منائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.